سانحہ پشاور پر قومی ہاکی ٹیم کی خوشیاں بھی مانند پڑ گئیں

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 دسمبر 2014
چیمپئنز ٹرافی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کا وطن واپسی کے بعد واہگہ بارڈر پر پی ایچ ایف حکام کے ساتھ گروپ فوٹو ۔ فوٹو : ایکسپریس

چیمپئنز ٹرافی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کا وطن واپسی کے بعد واہگہ بارڈر پر پی ایچ ایف حکام کے ساتھ گروپ فوٹو ۔ فوٹو : ایکسپریس

لاہور: سانحہ پشاور کے باعث ہاکی چیمپئنز ٹرافی کی سلور میڈلسٹ قومی ٹیم کی خوشیاں بھی مانند پڑ گئیں۔

بھارت کے شہر بھوبنیشور میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی کی فائنلسٹ قومی ہاکی ٹیم دہلی سے11 گھنٹے کی طویل مسافت کے بعد گذشتہ روز واہگہ بارڈر پہنچی تو پی ایچ ایف حکام اور سابق اولمپئنز کی بڑی تعداد نے خوش آمدید کہا۔ پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کے والہانہ استقبال کی تیاریاں کر رکھی تھیں لیکن واہگہ بارڈر پر پہنچتے ہی انھیں سانحہ پشاور کی بُری خبر مل گئی جس کے باعث ہاکی فیڈریشن کے حکام، سابق اولمپئنز اور عوام نے قومی ہیروز کا سادگی کے ساتھ استقبال کیا۔

وطن واپس پہنچنے والے پلیئرز کے چہروں پر بھی قومی سانحہ کے باعث افسردگی عیاں تھی۔ بعد ازاں قومی ٹیم کو بس کے ذریعے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور لایا گیا جہاں پر ظہرانے کے بعد کھلاڑی اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر کپتان محمد عمران نے کہاکہ بھارت کو اسی کی سرزمین پر ہرانے کی بہت خوشی اور یہ ٹیم کایہ بڑا کارنامہ ہے، میں سلور میڈل آرمی کے نام کرتا ہوں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑیوں شاندار کارکردگی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھتے ہوئے ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔