حفیظ کے تیسرا ٹیسٹ کھیلنے کی امیدیں دم توڑگئیں

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 3 جولائی 2015
آئی سی سی نے چنئی میں بولنگ ایکشن کی جانچ کیلیے6جولائی کی تاریخ دے دی  فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی نے چنئی میں بولنگ ایکشن کی جانچ کیلیے6جولائی کی تاریخ دے دی فوٹو: اے ایف پی

پالے کیلی: آل راؤنڈر محمد حفیظ کے تیسرا ٹیسٹ کھیلنے کی امیدیں دم توڑگئیں، آئی سی سی نے بولنگ ایکشن کی جانچ کیلیے6جولائی کی تاریخ دے دی، پی سی بی کی درخواست پر صرف2 روز کی تاخیر ہوئی،وہ باقی تین دن پالے کیلی میں ہی رہ کر ایکشن کی درستگی پر کام کرتے رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کی جانچ کیلیے6 جولائی کا دن مقرر کیا ہے، وہ اس ٹیسٹ کیلیے چنئی کا سفر اختیار کریں گے جہاں منظور شدہ لیب میں بائیومکینک ٹیسٹ ہوگا، ایک برس سے بھی کم وقت میںحفیظ کو دوسری مرتبہ اس لیب کا دورہ کرنا پڑرہا ہے،اگر اس بار ان کی کہنی کا خم مقررہ 15 ڈگری سے زائد نکلا تو پھر ایک برس کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کو ترس جائیں گے۔

آئی سی سی قوانین کے تحت کسی بھی بولر کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے کے 14 دن کے اندر ٹیسٹ دینا ہوتا ہے، محمد حفیظ کیلیے پہلے 4 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم بھارتی ویزے کے حصول میں دشواری کی بنیاد پر پی سی بی نے اضافے کی درخواست دی، بدھ کوکولمبو میں بھارتی ہائی کمشنر نے انھیں ویزا جاری کردیا، اس کے باوجود بورڈ نے کوشش کی کہ کسی طرح تیسرے ٹیسٹ کے بعدکی تاریخ ملے تاکہ وہ فیصلہ کن میچ میں بھی کھیل سکیں، مگر کونسل نے صرف 2 دن کی ہی تاخیر کی۔

اس طرح اب محمد حفیظ تیسرا ٹیسٹ تو نہیں کھیل سکتے مگر باقی کے دن ٹیم کے ہمراہ پالے کیلی میں ہی رہیں گے، میچ کا اختتام7جولائی کو ہونا ہے، آل راؤنڈر بھارت روانگی سے قبل مشتاق احمد کی زیرنگرانی بولنگ ایکشن بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔