کوئٹہ میں کانگو وائرس سے متاثرہ خاتون چل بسی، 2 کی حالت تشویشناک

ویب ڈیسک  اتوار 21 اگست 2016
افغان مہاجر خاتون فاطمہ کی ہلاکت کے بعد رواں برس کانگو وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے، اسپتال انتظامیہ : فوٹو : فائل

افغان مہاجر خاتون فاطمہ کی ہلاکت کے بعد رواں برس کانگو وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے، اسپتال انتظامیہ : فوٹو : فائل

کوئٹہ: فاطمہ جناح اسپتال میں 4 روز قبل لائی گئی کانگو وائرس کی افغان مریضہ دم توڑ گئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں رواں برس اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعددا 12 ہوگئی ہے۔ 

کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال کے حکام کے مطابق  4 روز قبل اسپتال کے ٹی بی سینٹوریم میں لائی جانے والی خاتون کا نام فاطمہ ہے اور اسے  افغانستان کے صوبے قندھار سے علاج کے لئے لایا گیا تھا تاہم وہ جان کی بازی ہار گئی ہے ۔

اسپتال ذرائع کے مطابق  2 مزید مریض بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے حبیب اللہ اور افغان مہاجر خاتون ثریا کے خون کے نمونے کراچی بھجوائے گئے تھے اور دونوں مریضوں میں  کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جب کہ رواں برس ملک بھر میں کانگو وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں لگی مویشی منڈیوں میں بھی عوام اور بیوپاریوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ چند روز قبل محکمہ لائیو اسٹاک کا عملہ منڈی میں آیا تھا اور اسپرے بھی کیا گیا تھا تاہم اس کے بعد مزید کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ رواں برس قربانی کے لئے لائے جانے والے مویشی واپس گھر لے جانے پڑیں گے کیونکہ وائرس کے خدشات کے باعث خریداروں کا رجحان معمول سے انتہائی کم ہے۔ جبکہ عوام کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس کی خبروں کے بعد نہایت احتیاط  اور جانچ پڑتال کے بعد مویشی خرید رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔