امریکی ریاست نیوجرسی میں ٹرین حادثے میں 100 سے زائد مسافر زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 29 ستمبر 2016
حادثے کے نتیجے میں ہوبوکین اسٹیشن کے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ٹرینوں کی آمد و رفت بھی روک دی گئی۔ فوٹو: گیٹی امیج

حادثے کے نتیجے میں ہوبوکین اسٹیشن کے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ٹرینوں کی آمد و رفت بھی روک دی گئی۔ فوٹو: گیٹی امیج

نیویارک: امریکی ریاست نیو جرسی کے مصروف ترین ہوبوکین اسٹیشن پر مسافر ٹرین کے حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیسک ویلی لائن ٹرین اسپرنگ ویلی سے نیویارک جارہی تھی کہ ہوبوکین ٹرمینل کے پاس صبح 8 بج کر 45 منٹ پر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک زخمی دم توڑ گیا جب کہ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے تاہم حکام کی جانب سے سرکاری طور پر ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے بیشتر وہ ہیں جو ٹرین کی پہلی بوگی میں موجود تھے جب کہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ اس کی زد میں پلیٹ فارم پر کھڑے کچھ لوگ بھی آئے جس کے بعد تمام زخمیوں کو میڈیکل سینٹر اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حادثے کے بعد ہوبوکین اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی جب کہ حادثے کے نتیجے میں اسٹیشن کے انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

دوسری جانب فیڈرل ریل روڈ انتظامیہ اور نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم انہوں نے حادثے کو تخریب کاری قرار دینے کو قبل از وقت قرار دیا ہے جب کہ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پوری طرح رابطے میں ہیں جب کہ حادثے سے متعلق مدد کی بھی پیشکش کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔