رمضان میں غریبوں کا بھی خیال رکھا جائے، فنکار برادری

قیصر افتخار  منگل 7 مئ 2019
اللہ کی خوشنودی کیلیے اس ماہ میں دل و جان سے عبادت کرنی چاہیے، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

اللہ کی خوشنودی کیلیے اس ماہ میں دل و جان سے عبادت کرنی چاہیے، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

سرکاری اور نجی چینلز پر ان ائیر نشریات میں جہاں فنکار حصہ لیتے ہیں وہیں ماہ رمضان کے دوران عیدالفطر کی مناسبت سے ریکارڈ ہونیوالے خصوصی پروگراموں میں بھی شرکت کرتے ہیں۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ جب بھی آتا ہے تو اللہ تعالی کی رحمت ہر جگہ دکھائی دیتی امت مسلمہ دنیا بھر میں ماہ رمضان کو روایتی عقیدت کیساتھ مناتی ہے وہیں اس فریضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اردگرد بسنے والے غریب لوگوں کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے تا کہ ہمیں اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل ہو۔

گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ بہت برکت والا ہے اس مہینے کی فضیلت کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ۔

اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ اللہ تعالی کی خاص رحمت ماہ رمضان میں دکھائی دیتی یہ واقعی بہت ہی مبارک مہینہ ہے اس ماہ میں ہمیں عبادت دل و جان سے کرنی چاہیے تاکہ اللہ تعالی اپنا کرم اور فضل ہم پر بنائے رکھے۔

گلوکار یاسر اختر نے کہا کہ میں دیارغیر میں رہتا ہوں لیکن رمضان المبارک کا جو مزہ اپنے ملک پاکستان میں آتا ہے وہ کہیں اور نہیں۔ میں اور میری فیملی  باقاعدگی سے روزے رکھتے ہیں۔

اداکارہ سونیا خان نے کہا کہ میری طرف سے امت مسلمہ کو ماہ رمضان کا چاند مبارک ہو ہمیں اپنے فرض کی ادائیگی کیلیے پورا وقت دینا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔