تھرپارکر میں انسانیت سوز واقعہ، نوجوان پر وحشیانہ تشدد، برہنہ اور منہ کالا کر کے گھمایا گیا

نامہ نگار  منگل 18 جون 2019
برہنہ گھمانے کا شرمناک منظر سیکڑوں افراد نے دیکھا، وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، ایس ایس پی کا نوٹس، 3 ملزمان گرفتار۔ فوٹو: فائل

برہنہ گھمانے کا شرمناک منظر سیکڑوں افراد نے دیکھا، وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، ایس ایس پی کا نوٹس، 3 ملزمان گرفتار۔ فوٹو: فائل

مٹھی: مٹھی کے قریب موبائل فون پر لڑکی سے بات کر نے کے الزام میں10 افرادکا نوجوان پر تشدد، برہنہ کر کے وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ 

تحصیل ڈاہلی کے گاؤں کنڑی میں نوجوان نظام الدین رشتے داروں سے ملنے گیا تو 10 سے زائد افراد نے اسے لڑکی سے فون پر بات کرنے کے الزام میں پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، منہ بھی کالا کیا اور برہنہ حالت میں گاؤں میں گھمایا گیا۔ سیکڑوں لوگوں نے نوجوان کو برہنہ گھماتے ہوئے موبائل فون سے وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

وڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی تھرپارکر عبداﷲ احمد یار نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور انھیں گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

کھیمی کا پار پولیس نے گاؤں کنڑی میں چھاپہ مار کر 3ملزمان رمضان، طیب اور عنایت راہموں کو وڈیو سے شناخت کے بعد گرفتار کرلیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعہ ایام عید میں پیش آیا ۔ ملزمان نے نوجوان کو خاموش رہنے کی دھمکیاں دیں۔ تشدد سے نوجوان بیمار ہوگیا جسے اہلخانہ علاج کے لیے حیدرآباد لے گئے۔

رابطہ کرنے پر ایس ایس پی نے بتایا کہ نوجوان سے ظلم کی انتہا کی گئی ۔ وڈیو دیکھنے کے بعد پولیس کو فوری تمام ملزمان کو گرفتار اور مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ ملزمان خواہ کتنے ہیبااثر کیوں نہ ہوں کارروائی سے بچ نہیں سکتے۔ نظام الدین کی حیدرآباد میں موجودگی کے باعث مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔