دلوں میں رہتی ہوں، گیت ذہنوں پر نقش رہیں گے، ٹیلر سوئفٹ

شوبز ڈیسک  ہفتہ 16 مارچ 2013
خواتین کی آزادی اور فلاح کے لیے کام کرتی رہوں گی، آنیوالے عہد میں بھی زندہ رہنا چاہوں گی، 23 سالہ امریکی نغمہ نگاروگلوکارہ۔  فوٹو: فائل

خواتین کی آزادی اور فلاح کے لیے کام کرتی رہوں گی، آنیوالے عہد میں بھی زندہ رہنا چاہوں گی، 23 سالہ امریکی نغمہ نگاروگلوکارہ۔ فوٹو: فائل

لاس اینجلس: امریکی گلوکارہ ،اداکارہ اور نغمہ نگار ٹیلرایلیسن سوئفٹ نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی خواتین کی آزادی اور فلاح کے لیے جدوجہد کرنیوالوں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں۔

محبت کرنے والا دل رکھتی ہوں ،نوجوانوں کے دلوں میں رہتی ہوں،مداحوں کے ذہنی پر میرے گیتوں کی دھنیں اثر رکھتی ہیں،اوریہ گیت ذہنوں پر نقش رہیں گے، اپنے بے مثال کام سے آنیوالے عہد میں بھی زندہ رہنا چاہوں گی ،لفظ اور آواز کے تال میل کی خوبصورتی سے شائقین تک رسائی کا فرض نبھانے کی کوشش کررہی ہوں۔ انھوں نے بتایا کہ فلاحی کام بھی جاری رکھونگی، خواتین کو شعور دینے کی مہم کا حصہ بننا چاہوں گی ، انھوں نے کہا کہ ووٹ بنا تو پہلی بار عملی سیاست بھی کی اور صدارتی انتخابی مہم کے دوران خواتین کے فلاحی پروگرام کا منشور لے کر آگے بڑھنے والوں کا ساتھ دیا۔ اب تک دو ہی دوست بنائے۔

ایک انٹرویو کے دوران ٹیلر ایلیسن سوئفٹ نے کہا کہ امریکا کے صدارتی الیکشن کے موقع پر اپنے ووٹ ہی نہیں سپورٹ سے بھی خواتین کے فلاحی پروگرام رکھنے والی جماعت کا ساتھ دیا۔ انھوں نے کہا کہ گیت لکھنے کا سلسلہ جاری رہے گا اپنے گیتوں کو آواز بھی دے رہی ہوں ۔ فلمیں کم کی ہیں مگر ٹی وی پر زیادہ کام کرنے کے مواقع ملے ہیں ۔ 13دسمبر 1989کو پیدا ہونے والی 23 سالہ گلوکارہ نے 14 برس کی عمر میں ملکی میوزک کے شعبے میں قدم رکھا اور اپنی آواز کا جادو جاگاکر لوگوں کو گرویدہ بنا لیا۔ ٹیلر ایلیسن سوئفٹ نے انتہائی کم عمری میں ملک کے بڑے اشاعتی اداروں کے لیے گیت لکھنے کا بھی منفرد اعزاز حاصل کیا۔

2006 کے دوران ٹیلر سوئفٹ کی پہلی میوزک البم ریلیز کی گئی جس نے انھیں امریکا کی میوزک اسٹار بنادیا۔ گلوکارہ کی سنگل میوزک البم کی ریلیز نے کئی منفرد ریکارڈ قائم کیے۔ ’’آورسانگ ‘‘ کی ریلیز کے گیت کو خود ہی لکھا اور اسے گایا پھر اس پر خود ہی پرفارم بھی کیا ۔ یہ البم ملکی میوزک چارٹ پر پہلا نمبر پر بھی رہی اور اس پر انھیں بہترین نئی گلوکارہ کے لیے گریمی ایوارڈز کے لیے بھی منتخب کیا گیا۔ٹیلر سوئفٹ کی دوسری البم’’ فیئر لیس‘‘ 2008 کے دوران ریلیز کی گئی۔ اس البم نے 2009کے دوران سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البم کا بھی اعزاز حاصل کیا جب کہ بعدازاں اسی البم پر ٹیلر کو گریمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ۔گلوکارہ کی تیسری البم ’’سپیک ناؤ‘‘ 2010کے دوران ریلیز ہوئی تو اس کی 10لاکھ کاپیاں پہلے ہفتے ہی فروخت ہوگئیں ۔اسی البم کے تیرے گیت ’’مین ‘‘نے دو گریمی ایوارڈز جیتے ۔

1

گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی چوتھی البم ’’ریڈ‘‘ 2012 میں ریلیز کی گئی ۔ اس البم کی پہلے ہفتے 20 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں اس کے دوگیتوں ’’وی آر نیور ایور گیٹنگ بیک ٹو گیدر‘‘ اور آئی نیو یو ور ٹربل‘‘نے دنیا بھر میں دھوم مچادی ۔ اس البم کے گیتوں کے لیے ریڈٹور کا شیڈول رواں سال مارچ میں ترتیب دیا گیا ہے ۔ٹیلر سوئفٹ نے کم عمری میں سانگ رائٹر کے طور پر خود کو منوایا ہے اور ملک کے اہم ترین ایوارڈز بھی جیتے ہیں۔انھیںسات مرتبہ ’’کنٹری میوزک ایسوسی ایشن ایوارڈز‘‘ سے بھی نواز جاچکا ہے ۔جب کہ 6 اکیڈمی آف کنٹری میوزک ایوارڈز دیے گئے ۔گلوکارہ کی 2 کروڑ 60 لاکھ البم کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں ۔اور سات کروڑ 50 لاکھ ورلڈ وائڈ ڈیجیٹل ڈاؤن لوڈ کی گئیں۔ 2009 کے دوران ٹیلر سوئفٹ نے کرائم ڈرامہ سیریل میں کردار نبھاکر اداکاری کی دھاک بٹھائی ۔

2010 کے دوران ٹی وی کے لیے کامیڈی کھیل ’’ ویلنٹائنز ڈے ‘‘میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔اداکارہ اور گلوکارہ ہونے کے ساتھ گیت نگاری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی سوئفٹ نے بے شمار فلاحی منصوبوں میں اپنا کردار نبھایا، قدرتی آفات کے دوران ریلیف کے لیے کام کیا۔ امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ان کی خدمات بھی اہم ہیں ۔ٹیلر پینوسلوانیا میں پیدا ہوئیں، ان کے والد آئل رگ انجینئر ہیں۔ والدہ اکاؤنٹس کے شعبے میں کام کرتی رہیں ۔ٹیلر ابتدائی برسوں کے دوران مختلف امریکی شہروں میں والدین کے ساتھ سفر کرتی رہیں اور ہائی اسکول کی تعلیم کے لیے مختلف ریاستوں کے اداروں میں داخلہ لیا ۔سوئفٹ نے نشویلی میں ریکاڈرنگ آرٹسٹ کے طور پر گانے کے لیے بڑی کمپنی سے معاہدہ کیا ۔

رواں ماہ فروری کے دوران ٹیلر کی نئی البم کی 40 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئی ہیں ۔مارچ کے مہینے ٹیلر سوئفٹ نے ورلڈ ٹور کے دوران 64 تاریخوں کا اعلان کیا ہے ۔اس دوران گلوکارہ 13 سیٹیڈیم شوز میں لائیو پرفارم کریں گی ۔اس ٹور میں نارتھ امریکا بھی شامل ہوگا ۔گلوکارہ نے کیرئیر کے دوران قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی بحالی کے لیے عملی طور پر بہت کام کیا۔اس حوالے سے بے شمار امدادی شوز کرکے فنڈریزکیے اور متاثرین تک امداد پہنچائی ۔گلوکارہ نے لاکھوں ڈالر کی امداد دی۔ ٹیلرسوئفٹ نے عالمی سطح پر انسانی حقوق کے لیے بھی شعور اجاگر کرنے کی مہم چلائی اور تاحال اس حوالے سے اپنے پروگرام کو آگے بڑھا رہی ہیں ۔

قبل ازیں گلوکارہ نے اپنے ریڈ ٹور کا آغاز کرتے ہوئے پہلے لائیو کنسرٹ کے دران انتہائی عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے ۔اسی دوران جینیفر لوپیز بھی اپنے دورے کا آغاز کرچکی ہیں۔ 23 سالہ گلوکارہ کی پرفارمنس کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ ان کی ریڈ البم کے گیت پیش کیے جارہے ہیں ۔ٹور کے پہلے کنسرٹ کے دوران گلوکارہ نے سفید شرٹ اور سرخ پینٹ میں پرفارم کیا۔ ان کی پرفارمنس پر شائقین جھوم اٹھے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔