’بلیک منی‘ کی خاطر :امپائرز بھارت کو فائدہ پہنچانے پر راضی نظر آئے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 14 اپريل 2013
بھارتی ٹی وی نے اسٹنگ آپریشن میں دولت کیلیے فرائض کے منافی کام کرنے پر تیار دکھایا. فوٹو: فائل

بھارتی ٹی وی نے اسٹنگ آپریشن میں دولت کیلیے فرائض کے منافی کام کرنے پر تیار دکھایا. فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پابندی کا شکار ہونے والے دونوں امپائرز ندیم غوری اور انیس صدیقی نے ’بلیک منی‘ کی خاطر بھارت کو فائدہ پہنچانے پر رضامندی ظاہر کی تھی، دونوں کو بھارتی ٹی وی نے اپنے اسٹنگ آپریشن میں دولت کیلیے اپنے فرائض کے منافی کام کرنے پر تیار دکھایا تھا۔

انڈیا ٹی وی نے اپنا یہ اسٹنگ آپریشن 8 اکتوبر 2012 کو نشر کیا تھا۔ اس چینل کے رپورٹر نے ان امپائرز سے اسکائپ کے ذریعے رابطہ کیا اور گفتگو کو ریکارڈ کرلیا گیا تھا۔ ماضی میںآئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل میں شامل رہنے والے امپائر ندیم غوری نے اس آپریشن میں بھارتی ٹیم کی ہر ممکن مدد پر رضامندی ظاہر کرنے کے ساتھ اس بات پر بھی اتفاق کیا تھا کہ وہ اس کے عوض ملنے والی رقم ’بلیک‘ کی صورت میں وصول کریں گے۔

انھوں نے خفیہ صحافی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ رقم کے عوض بطور امپائر کسی بھی پلیئر کو ناجائز فائدہ دے سکتے ہیں۔ اسی طرح اسی اسٹنگ آپریشن میں ایک اور پاکستانی امپائر انیس صدیقی نے کہا کہ وہ دولت کی خاطر بھارتی ٹیم کو کوئی بھی فائدہ پہنچانے کو تیار ہیں، انھوں نے بھی تمام رقم بلیک میں لینے کی خواہش ظاہر کی۔

انیس نے دو قدم آگے بڑھتے ہوئے خفیہ رپورٹر کے سامنے دعویٰ کیا کہ ان کی پاکستان کرکٹ بورڈ میں کافی پہنچ ہے اور وہ اسے بھی بھارت کے فائدے میں کسی بھی فیصلے کو قبول کرنے پر راضی کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ اسٹنگ آپریشن سامنے آنے کے فوری بعد آئی سی سی حرکت میں آگئی تھی اور اس کی ہدایت پر پاکستان بورڈ نے دونوں کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے ان کیخلاف تحقیقات شروع کردی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔