لاہور؛ 10 سالہ گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق، گھر کا مالک گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 26 اپريل 2024
پولیس نے ورثا کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا (فوٹو: ایکسپریس نیوز )

پولیس نے ورثا کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا (فوٹو: ایکسپریس نیوز )

 لاہور: ملت پارک میں 10 سالہ گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق ہوگئی، پولیس نے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق  10 سالہ زینب سلمان نامی شخص کے گھر چند ماہ سے ملازمت کررہی تھی جسے آج جھلسی ہوئی حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں وہ  جانبر نہ ہوسکی،  پولیس نے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم سلمان نے بیان دیا ہے کہ زینب گزشتہ روز کچن میں سلنڈر پھٹنے سے جھلس گئی تھی جسے  ابتدائی طبی امداد گھر ہی میں دی جاتی رہی، حالت زیادہ بگڑنے پر اسے آج اسپتال لے کر آئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  ملزم نے ملازمہ کے گھر والوں کو بچی کے جھلسنے کی اطلاع نہیں دی، پولیس نے بچی کے ورثا کی درخواست پر تھانہ ملت پارک میں مقدمہ درج کرلیا۔

ایس پی اقبال ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ  بچی کی موت کے اصل حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گے۔

دریں اثنا  ڈی آئی جی آپریشنزمحمد فیصل کامران ملت پارک پہنچ گئے جہاں انہوں نے جاں بحق بچی کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ ملزم سلمان کے خلاف مزیدتفتیش عمل میں لائی جا رہی ہے،  انہوں نے مزید کہا کہ عورتوں اور بچوں کا استحصال کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب کم سن ملازمہ  کی والدہ کا کہنا ہے کہ دس سالہ زینب چار ہزار روپے ماہوار پر سلمان کے گھر تین ماہ سے ملازمہ تھی جبکہ متوفی زینب کی 12 سالہ کزن مہوش بھی وہیں کام کرتی تھی۔

کم سن ملازمہ کی والدہ نے بتایا کہ زینب جب اسپتال میں دم توڑ گئی تو ہمیں اطلاع دی گئی۔

زینب کے والد  رمضان نے بتایا کہ میرے چھ بچے ہیں  جن میں زینب سب سے چھوٹی تھی، انہوں نے بتایا کہ جب ہم اسپتال پہنچنے تو میری بچی جھلسی ہوئی تھی اور اس کے منہ سے جھاگ نکل رہا تھا۔

جاں بحق زینب کی کزن مہوش نے پولیس کو دیے گئے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ مقتولہ کے ساتھ کبھی کوئی زبردستی نہیں کی گئی۔

پولیس کے مطابق  درخواست کے فوری بعد ملزم سلمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا، ملزم سلمان طاہر شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے، ملزم کی بیوی واقعہ کے وقت گھر پر موجود نہ تھی، اس کے بوڑھے والدین موجود تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سلمان طاہر گزشتہ سال ملت پارک کے علاقے میں قتل ہونے والے سابق ایس پی فرحت عباس شاہ کا بھتیجا اور پیشے کے اعتبار سے وکیل ہے، واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔