چین میں پاکستان کیلئے تیار ہونے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کا افتتاح

ویب ڈیسک  جمعـء 26 اپريل 2024
افتتاحی تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ بھی موجود تھے—فوٹو: آئی ایس پی آر

افتتاحی تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ بھی موجود تھے—فوٹو: آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: چین میں پاکستان کے لیے تیار ہونے والی پہلی ہنگورکلاس آبدوز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آبدوز کی افتتاحی تقریب چین کے ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ شوانگلیو بیس میں منعقد ہوئی، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ منصوبہ پاک-چین دوستی میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا، حکومت پاکستان نے چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے لیے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں تیار کی جائیں گی اور دیگر 4 پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ میں تیار کی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسروں سے لیس ہوں گی جس سے دور تک اہداف کو نشانہ بنایا جا سکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔