ریلوے اسٹیشن پر روزانہ 12 گھنٹے تک مالک کا انتظار کرنے والا کتا

ویب ڈیسک  منگل 8 مئ 2018
چھوٹا بھالو روزانہ اپنے مالک کا انتظار کرتا ہے (فوٹو: بشکریہ اوڈٹی سینٹرل)

چھوٹا بھالو روزانہ اپنے مالک کا انتظار کرتا ہے (فوٹو: بشکریہ اوڈٹی سینٹرل)

بیجنگ: چین میں ایک وفادار کتا روزانہ اپنے مالک کو ٹرین اسٹیشن پر چھوڑتا ہے اور جب تک اس کا مالک واپس نہ آجائے وہ اگلے 12 گھنٹے وہیں بیٹھ کر اس کا انتظار کرتا ہے۔

15 سالہ کتا چین کے ضلع چونگجنگ یوزونگ میں اپنے مالک کے ساتھ کئی سال سے رہ رہا ہے۔ وہ روزانہ بہت صبر سے اپنے مالک کا انتظار اس وقت تک کرتا رہتا ہے جب تک وہ واپس نہیں آجاتا اور اس میں 12 گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

اس کتے کا نام زیونگ زیونگ رکھا گیا ہے جس کا مطلب ’چھوٹا بھالو‘ کے ہیں۔ چھوٹا بھالو روزانہ لیزیبیا میٹرو اسٹیشن پر اپنے مالک کا انتظار کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ گزشتہ 8 برس سے اس کا یہی معمول ہے۔ اب اس کی وفاداری اور مالک کے انتظار کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں اور چین کے دوردراز علاقوں سے لوگ اسے دیکھنے کے لیے آرہے ہیں۔

اس کے مالک نے کہا کہ سات آٹھ برس سے یہ کتا اس کے ساتھ ہے اور روزانہ اس کا انتظار کرتا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ بہت شریف جانور ہے اور اسے جو کچھ دیا جائے یہ کھالیتا ہے۔ جیسے ہی اس کا مالک ملازمت سے واپس آتا ہے یہ کتا اسے دیکھ خوشی سے دم ہلاتا ہے اور دوڑ کر اس کے پاس پہنچ جاتا ہے۔

کتا روزانہ صبح سات سے آٹھ بجے کے درمیان اپنے مالک کے ساتھ میٹرو اسٹیشن پہنچتا ہے اور اگلے 12 گھنٹے تک وہیں بیٹھا رہتا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ بہت صبر سے پورا دن اپنے مالک کا انتظار کرتے ہوئے عین اسی جگہ دیکھتا رہتا ہے جہاں سے ٹرین آتی ہے۔ مالک کو دیکھتے ہیں یہ بہت خوش ہوتا ہے۔ اب چین میں یہ کتا غیرمعمولی طور پر مشہور ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔