سلمان اوراکشے نے کمائی میں شاہ رخ کو پیچھے چھوڑ دیا

ویب ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
شاہ رخ خان رواں سال 100 امیر ترین شخصیات کی فہرست میں جگہ نہ بناسکے۔

شاہ رخ خان رواں سال 100 امیر ترین شخصیات کی فہرست میں جگہ نہ بناسکے۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان رواں سال امریکی جریدے فوربز کی 100 مشہور شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

معروف امریکی جریدے فوربز نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اسٹارز کی فہرست جاری کردی ہے جس میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ ستاروں سمیت کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شامل ہیں۔

امریکی میگزین فوربز ہر سال دنیا بھر میں سب سے زیادہ آمدنی والی ان مشہور شخصیات کی فہرست جاری کرتا ہے جنہوں نے اپنے اپنے شعبے میں بے شمار کامیابیوں سمیت بے تحاشہ دولت بھی سمیٹی ہو جب کہ رواں سال کی فہرست میں امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سالانہ آمدنی کے ساتھ سرفہرست ہیں، ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی 23 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے ساتھ دوسرے اور نوجوان امریکی ماڈل کائل جینیز 16 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

رواں سال فوربز کی اس فہرست میں بالی ووڈ کی صرف 2 شخصیات ہی جگہ بناسکیں، گزشتہ سال سرفہرست رہنے والی شاہ رخ خان اس بار جگہ بنانے میں ناکام رہے جب کہ بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اکشے کمار 40.5 ملین ڈالر کے ساتھ 76ویں نمبر پر رہے اور سلو میاں نے 37.7 ملین ڈالر کے ساتھ 82ویں پوزیشن سنبھالی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: دنیا کی 100 امیر ترین شخصیات کی فہرست جاری

واضح رہے گزشتہ سال اس فہرست میں بھارتی فلم انڈسٹری کی تین شخصیات شامل تھیں جن میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو سب پر برتری حاصل تھی وہ مجموعی طور پر 65ویں نمبر پر تھے جب کہ سلمان خان 71ویں اور اکشے کمار 80ویں نمبر پر براجمان تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔