انضمام الحق بیٹے سے متعلق الزام کلیئر کروانے میں کامیاب

عباس رضا  جمعرات 13 ستمبر 2018
چیف سلیکٹر کی چیئرمین پی سی بی سے ملاقات،فوٹو: فائل

چیف سلیکٹر کی چیئرمین پی سی بی سے ملاقات،فوٹو: فائل

 لاہور:  چیف سلیکٹر انضمام الحق نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات میں باسط علی کو بیٹے کیلیے فون کے الزام پر اپنا موقف پیش کردیا۔

یہ خبر گردش کررہی تھی کہ سابق کپتان نے جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی کو فون کرکے بیٹے ابتسام کو انڈر 19 ٹیم میں شامل نہ کرنے پر شکوہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق باسط علی نے یہ بات سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کو بتائی جنہوں نے صرف اس کا اظہار نہیں بلکہ صداقت پر اصرار بھی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف سلیکٹر انضمام الحق تنازعات کی زد میں آگئے

دوسری جانب انضمام الحق نے الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میں نے ایسی کوئی حرکت کی اور اختیار کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے تو مجھے بطور چیف سلیکٹر کام نہیں کرنا چاہیے،چیئرمین پی سی بی کو معاملے کی پوری تحقیقات کی درخواست کروں گا، قصور وار کو سزا ملنا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق انضمام الحق کی بورڈ کے سربراہ احسان مانی سے ملاقات ہوگئی ہے جس میں انہوں نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے ساری صورتحال سے آگاہ کیا،ذرائع کا دعوی ہے کہ چیف سلیکٹر اپنا الزام کلیئر کروانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔