امریکی صدر شمالی کوریا کے سربراہ سے دوسری ملاقات کے خواہش مند

ویب ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018
امریکی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ سے دوسری ملاقات کے انتظامات کی ذمہ داری مائیک پومپیو کو سونپ دی۔ فوٹو : فائل

امریکی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ سے دوسری ملاقات کے انتظامات کی ذمہ داری مائیک پومپیو کو سونپ دی۔ فوٹو : فائل

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن سے دوسری ملاقات کی توقع کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا سے تعلقات کو ’ غیر معمولی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اب پہلے جیسی دوریاں نہیں ہیں اور جلد شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے دوسری ملاقات متوقع ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا سے متعلق کافی اہم اور مثبت پیشرفت ہوئی ہیں اور ایک لحاظ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کافی بہتر ہو گئے ہیں۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کے سربراہ سے دوسری ملاقات کے انعقاد کے لیے انتظامات میں مصروف ہیں اور جلد یہ ملاقات ہو گی تاہم ابھی ملاقات کے مقام کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔

ایک برس قبل ایک دوسرے کو ایٹمی جنگ کی دھمکیاں دینے والے دونوں حریف ممالک کے سربراہان کے درمیان پہلی اور تاریخی ملاقات رواں برس 12 جون کو سنگاپور کے ایک خوبصورت جزیرے میں ہوئی تھی۔ دونوں رہنماؤں نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے سے متعلق معاہدہ پر اتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات کے لیے بھی امریکی صدر ٹرمپ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا جس کے بعد کم جونگ اُن اور مون جے اِن کے درمیان مختصر وقت میں تین ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔