موبائل کی عادی خاتون کی قبر کا ’آئی فون‘ کتبہ

ویب ڈیسک  جمعرات 27 ستمبر 2018
روسی خاتون ریٹا کی قبر کا کتبہ عین آئی فون کی طرح بنایا گیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ

روسی خاتون ریٹا کی قبر کا کتبہ عین آئی فون کی طرح بنایا گیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ

 ماسکو: روس میں موبائل فون سےمحبت رکھنے والی ایک خاتون کی وفات کے بعد ان کے عزیزوں نے اس کی قبر کا کتبہ ہوبہو آئی فون جیسا بنایا ہے جس پر خاتون کی تصویر بھی بنائی گئی ہے۔

روس میں تیل کی دولت سے مالامال شہر اوفا میں ایک 25 سالہ خاتون ریٹا شامیوا کے انتقال کے بعد ان کی قبر پر آئی فون نما کتبہ نصب کیا گیا ہے۔ یہ کتبہ پانچ فت اونچا ہے اور سیاہ چمکدار بیسالٹ پتھر سے تراشا گیا ہے۔ ہوبہو آئی فون جیسے کتبے کی پشت پر کمپنی کا لوگو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

کتبے کے سامنے کا حصہ عین آئی فون اسکرین جیسا بنایا گیا ہے جس پر ریٹا کی رنگین تصویر بھی دیکھی جاسکتی ہے۔ یہ خاتون دو سال قبل نامعلوم وجوہ کی بنا پر 25 سال کی عمر میں انتقال کردی گئی تھیں۔ اب ان کے والد ریس شامیو نے اپنی چہیتی بیٹی کی قبر پر یہ کتبہ نصب کیا ہے تاہم اس کے بارے میں کسی بات کا کوئی انکشاف نہیں کیا ہے۔

یوزنوئے قبرستان میں موجود اس قبر کا کتبہ بقیہ تمام قبروں سے بلند نظر آتا ہے جس کی ایک طرف پتھر پر لکھا کیو آر کوڈ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ مقامی کتبہ سازوں نے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اسے ڈیزائن نہیں کیا۔ تاہم روس میں طرح طرح کے ڈیزائن والے کتبے عام پائے جاتے ہیں۔

دوسری جانب خود ریٹا کے بارے میں بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے لیکن اتنا انکشاف ہوا ہے کہ اسے گھومنے پھرنے کا بہت شوق تھا اور جرمنی سمیت پورے یورپ میں اس کےدوست تھے۔  واضح رہے کہ اس طرح کا کتبہ ایک ڈیزائنر پاویل کلیوک نے اشتہار کے طور پر بنایا تھا لیکن اس کے بعد انہیں اس کتبے کے بھی آرڈر ملنا شروع ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔