صرف ایک ہفتے فِلپ فون استعمال کیجئے اور 1000 ڈالر جیتیں

ویب ڈیسک  بدھ 12 جون 2019
ایک ہفتے کے لیے اسمارٹ فون کی بجائے فلپ فون استعمال کرنے پر 1000 ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ فوٹو:فائل

ایک ہفتے کے لیے اسمارٹ فون کی بجائے فلپ فون استعمال کرنے پر 1000 ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ فوٹو:فائل

یوٹاہ: کل کی ہی بات ہے پوری دنیا میں عمودی طور پر کھلنے والے فِلپ فون استعمال کیے جارہے تھے اور پاکستان میں بھی موٹرولا کے ایسے ہی فون بہت مقبول ہوئے۔ لیکن اب ٹچ اسمارٹ فون کے بعد ان کی اہمیت ختم ہوکر رہ گئی ہے اور یہ میوزیم میں رکھے جانے والی شے بن چکے ہیں۔

دنیا کے پہلے فِلپ فون کی 30 ویں سالگرہ پر امریکا کی ایک کمپنی فرنٹیئرکمیونکیشن نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی اپنا جدید اسمارٹ فون ایک ہفتے کے لیے بند کردے اور ان کا دیا ہوا فلپ فون استعمال کرے تو وہ ایک ہزار ڈالر کا حقدار ہوسکتا ہے۔ اس ضمن میں اسے ای میل بھیجنے اور ایس ایم ایس کرنے کے سادہ امور کا ریکارڈ رکھنا ہوگا، اپنی نیند کے بارے میں بتانا ہوگا اور اگر اس ایک ہفتے میں کام اور کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے تو اس سے بھی آگاہ کرنا ہوگا۔

کمپنی نے اپنی پریس ریلیز میں لکھا ہے کہ ہمیں ایک باہمت شخص کی تلاش ہے جو پورے سات روز تک فلپ فون استعمال کرے اور ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ آخرکیا ہوتا ہے؟ آپ کیسے سوتے ہیں؟ آپ کی کارکردگی کہاں کم اور کہاں زیادہ ہوتی ہے؟ اور آپ کیسا محسوس کرتے ہیں؟

ایک سے زیادہ شرکا کی صورت میں ایک خوش نصیب کو 1000 ڈالر دیئے جائیں گے۔ انعام یافتہ شخص کو بوریت بھگانے والا ایک بیگ بھی دیا جائے گا جسے فلپ فون کے بعض گمشدہ فیچرز کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ ان میں جی پی نیوی گیٹر کی بجائے پرانا کاغذی نقشہ، پاکٹ فون بک، نوٹ پیڈ، پین اور 1990 کے دور کی بعض مشہور سی ڈیز بھی دی جائیں گی۔

اب تک 30 ہزار افراد اس چیلنج کے لیے رجسٹر ہوچکے ہیں اور سات جولائی کو انعام یافتہ خوش نصیب کا اعلان کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔