فوجی ٹینک کی نال سے تربوز ’کاٹنے‘ کا مظاہرہ

ویب ڈیسک  اتوار 14 جولائی 2019
ٹی 80 مین بیٹل ٹینک کی نال سے تربوز کے علاوہ خربوزہ اور سیب بھی کاٹے گئے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ٹی 80 مین بیٹل ٹینک کی نال سے تربوز کے علاوہ خربوزہ اور سیب بھی کاٹے گئے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

گزشتہ دنوں روس میں ’’آرمی 2019‘‘ کے نام سے جنگی مشقیں منعقد ہوئیں جن میں روسی افواج نے اپنے جنگی آلات اور سپاہیوں کی صلاحیت و مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔ لیکن ان ہی مشقوں میں ایک ایسا منظر بھی تھا جس نے عوامی توجہ اپنی طرف مبذول کرلی بلکہ کچھ لوگوں کو بے اختیار مسکرانے پر مجبور بھی کردیا۔

ان مشقوں کے دوران روس کے مشہور مین بیٹل ٹینک ’’ٹی 80‘‘ کی نال سے تربوز، سیب اور ناشپاتی کاٹنے کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ حیران ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس مقصد کےلیے ٹینک کی نال سے ایک تیز دھار چھری انتہائی نفاست اور مضبوطی سے باندھ دی گئی تھی جبکہ پھلوں کو ایک اونچی میز پر رکھ دیا گیا تھا۔ اس پوری کارروائی کی ویڈیو ’’یوٹیوب‘‘ پر بھی جاری کردی گئی ہے:

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹی 80 ٹینک کس طرح آہستگی سے میز کی طرف بڑھا اور قریب پہنچ کر رک گیا۔ پھر اس کی نال آہستہ آہستہ جھکائی گئی، جس پر بندھی چھری نے بڑی صفائی سے، ایک ایک کرکے تربوز، خربوزے جیسے کسی پھل، اور آخر میں سیب کے ٹکڑے کردیئے۔ اس پورے عمل میں پھلوں والی میز پر ایک خراش بھی نہیں آئی۔

بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ مظاہرہ صرف تفریح کی خاطر کیا گیا ہے لیکن افواج سے واقفیت رکھنے والے افراد جانتے ہیں کہ اس کا اصل مقصد ’’ٹی 80‘‘ مین بیٹل ٹینک کی گرتی ہوئی ساکھ بحال کرتے ہوئے، دنیا کو یہ بتانا تھا کہ اگرچہ یہ ٹینک 1970 کے عشرے میں، سابق سوویت یونین کے زمانے میں، پہلی بار بنایا گیا تھا لیکن یہ آج بھی پوری طرح کارآمد ہے۔ مزید یہ کہ اگر ٹینک چلانے والا خود ماہر ہو تو یہ پرانا ٹینک بھی دورِ جدید کے عسکری تقاضوں سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔

روس کے علاوہ جو ممالک ٹی 80 مین بیٹل ٹینک استعمال کررہے ہیں ان میں بیلارس، چین، الجزائر، قبرص، مصر، قازقستان، پاکستان، جنوبی کوریا، یوکرین، یمن اور شمالی کوریا تک شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔