افغان بورڈ نے پاکستان کا دورہ کرنے پر کرکٹر محمد شہزاد کو معطل کردیا

عباس رضا  اتوار 18 اگست 2019
معطلی کے نتیجے میں وہ کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، فوٹو: فائل

معطلی کے نتیجے میں وہ کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، فوٹو: فائل

 لاہور: وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد کو افغان کرکٹ بورڈ نے ایک سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔

فٹنس مسائل کی وجہ سے ورلڈ کپ کے دوران ہی وطن واپس بھجوائے جانے والے کرکٹر نے بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ مکمل طور پر فٹ ہوں، امتیازی سلوک کیا گیا۔

بعد ازاں محمد شہزاد پشاور میں پریکٹس اور کلب میچز کھیلتے پائے گئے گئے، افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیہ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین ڈسپلن کی متعدد خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، ملک میں ٹریننگ کی تمام تر سہولیات میسر ہونے کے باوجود کئی بار بلا اجازت بیرون ملک گئے۔

گزشتہ ماہ تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے بھی گریز کیا، معطلی کے نتیجے میں وہ کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ یاد رہے کہ محمد شہزاد کو گزشتہ سال بھی پشاور میں ایک کلب کی جانب سے میچزکھیلے کے جرم میں 4400 ڈالر جرمانہ کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔