بھارت میں چاقو بردار شخص کی پارلیمنٹ میں داخل ہونے کی کوشش

ویب ڈیسک  پير 2 ستمبر 2019
ملزم زیادتی کے کیس میں سزا کاٹنے والے گرو گرمیت کا عقیدت مند ہے اور ان کی رہائی چاہتا ہے۔ فوٹو : ویڈیو گریب

ملزم زیادتی کے کیس میں سزا کاٹنے والے گرو گرمیت کا عقیدت مند ہے اور ان کی رہائی چاہتا ہے۔ فوٹو : ویڈیو گریب

نئی دلی: بھارت میں ایک شخص کو تیز دھار چاقو لے کر پارلیمنٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے پر پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے مرکزی دروازے پر اس وقت افراتفری مچ گئی جب حساس ترین علاقے میں ایک چاقو بردار شخص نے پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے پارلیمنٹ میں داخل ہونے کی ناکام کی کوشش کی۔

نئی دیلی پولیس کے اہلکاروں نے چاقو بردار شخص کو مرکزی دروازے سے اندر داخل ہونے کے فوری بعد ہی پکڑ لیا اور تلاشی کے دوران چاقو بھی برآمد کرلیا گیا۔ ملزم کو پارلیمنٹ پولیس اسٹیشن میں لاک اپ کردیا گیا۔

ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ اس کا نام ساگر انشا ہے اور وہ لکشمی نگر رہائشی ہے، ملزم نے سچا سودا کے پرچاری گرو رام رحیم سنگھ کے پیروکار ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: گرو گرمیت سنگھ کو خواتین کے ساتھ زیادتی پر 20 سال قید

گرو رام رحیم سنگھ ایک لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے کے مرتکب پونے پر اس وقت 20 سال قید کی سزا بھگت رہے ہیں اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کے عقیدت مند نے اپنے گرو کی رہائی کے لیے چاقو لیکر پارلیمنٹ جانے اور دباؤ ڈالنے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔