تیزگام ایکسپریس میں پریمیئم لاؤنج ڈائننگ کار کی سہولت فراہم
ڈائننگ کار میں مسافر برگر، پیزا، کڑاہی سمیت 40 کھانوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے، ڈی ایس ریلوے کراچی
محکمہ ریلوے کے تحت کراچی سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تیز گام ایکسپریس میں پریمیئم لاؤنج ڈائننگ کار کی سہولت فراہم کرادی گئی،دوران سفر تمام کلاسز کے 1100سے زائد مسافر اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔
محکمہ ریلوے کراچی ڈویژن کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ محمد ناصر خلیلی نے تیزگام ایکسپریس میں پریمیئم لاؤنج ڈائننگ کار اور علامہ اقبال ایکسپریس میں لوئر اے سی کا افتتاح کیا،اس موقع پر ڈویژنل کمرشل آفیسر صبا جبین بھی موجود تھیں۔
دوران سفر تیز گام کی پریمیئم لاؤنج ڈائننگ کار سے اکانومی ،اے سی اسٹینڈرڈ ،اے سی بزنس اور اے سی سلیپر کی کلاسز کے 1107 مسافر مستفید ہوسکیں گے.
نئی ڈائننگ کار میں بیٹھنے کی جگہ کو مزید کشادہ کیا گیا ہے جبکہ ڈائننگ کار میں سُوپ، برگر، پیزا، کڑاہی 40 سے زائد کھانے موجود ہوں گے، ڈائننگ کار میں بیک وقت 35 مسافر کھانا کھا سکتے ہیں۔
ڈی ایس کراچی محمد ناصر خلیلی نے کہا کہ ہم ان انقلابی اپ گریڈز کو متعارف کرانے پر بہت خوش ہیں، جو مسافروں کے آرام اور عیش و آرام میں نئے معیارات قائم کرتے ہیں۔
صبا جبین نے کہا کہ ہم اپنے مسافروں کے لیے ان نئی سروسز کو متعارف کرواتے ہوئے بہت پرجوش ہیں، ہمیں یقین ہے کہ یہ اپ گریڈ نہ صرف سفری تجربے میں اضافہ کریں گے بلکہ ہمارے مسافروں کے لیے زیادہ آرام دہ اور پرلطف سفر بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال ایکسپریس میں نئی اے سی اسٹینڈرڈ کوچ اب بکنگ کے لیے دستیاب ہیں۔