کشمیر کے وارث

محمد عمران چوہدری  اتوار 8 ستمبر 2019
بھارت کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

بھارت کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

27 اگست 2019 کو جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کا 22 واں دن تھا، اسلامی جمہوریہ پاکستان کی کابینہ نے بھارت کی فضائی حدود کی بندش اور افغانستان سے تجارت کےلیے استعمال ہونے والے زمینی راستے بند کرنے پر غور کیا۔

یہ اس پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی کا عالم ہے، جو کشمیر کا وارث ہے۔ جس کے پرچم میں لپیٹ کر کشمیری بھارت کے ظلم کے نتیجے میں شہید ہونے اپنے عزیزوں کو دفن کرتے ہیں۔ وہ پاکستان جس کے وزیراعظم آئے روز دنیا کو کشمیر کی ابتر صورتحال پر متوجہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جس کے وزیر خارجہ دنیا کو یہ بتا کر کہ بھارت کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے، دباو ڈالنے کی اپیل کرتے ہیں۔ لیکن خود بھارت پر دباؤ ڈالنے کا یہ عالم ہے کہ ابھی تک فضائی حدود کی بندش اور زمینی راستے بند کرنے پر صرف غور کیا ہے۔ ان سطور کی تحریر تک فیصلہ نہیں ہوا۔

غور طلب امر یہ ہے کہ جب مسئلہ کشمیر پر ہماری سنجیدگی کا یہ عالم ہے تو ہم دنیا کو کس منہ سے یہ درخواست کررہے ہیں کہ آپ کشمیر کی خاطر بھارت سے اپنے تعلقات کو خراب کرلیں۔ جب ہم کشمیر کی خاطر اپنے تجارتی مفاد چھوڑ نے کو تیار نہیں ہیں تو ہم کس طرح توقع کررہے ہیں کہ اسلامی دنیا بالخصوص عرب ممالک ہمارے کہنے پر بھارت سے اپنے تجارتی اور وسیع تر ملکی مفاد کو پس پشت ڈال کر کشمیر کاز پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوجائیں گے۔ ایسا ممکن ہوبھی جاتا کہ اسلامی دنیا اپنے اربوں ڈالر کے ملکی مفاد کو چھوڑ کر ہماری کہنے پر کشمیر کی خاطر بھارت سے مقاطعہ کرلیتی، اگر ہم نے ماضی میں ایسا کیا ہوتا۔

پاک عرب تعلقات پر نگاہ ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان نے 1990 میں سعودی عرب کی خواہش کے برعکس کویت پر سے عراق کا قبضہ چھڑانے کی مہم میں پوری طرح حصہ نہ ڈالا۔ یعنی آپ یوں کہہ سکتے ہیں کہ آج جس طرح ہم مودی کو متحدہ عرب امارات کی جانب سے دوستی اور تعاون کو فروغ دینے میں ان کے کردار کے اعتراف میں دیے جانے والے ایوارڈ پر مایوس ہورہے ہیں، ایسے ہی عرب بھی اس وقت مایوس ہوئے ہوں گے۔

دوسرے موقع پر ہم نے وسیع تر ملکی مفاد میں یمن کی جنگ میں شمولیت سے معذرت کرکے ایک بار پھر عربوں کو مایوس کردیا۔ ایکسپو 20/20 کی ووٹنگ کے دوران بھی اس وقت کی حکومت نے ملکی مفاد میں عرب امارات کے بجائے ترکی کو ووٹ دے کر ایک بار پھر عربوں کو مایوس کیا، جبکہ بھارت نے عرب امارات کو ووٹ کیا۔ اور اب ایران کے خلاف نئی صف بندی میں بھی پاکستان کی شمولیت عربوں کی خواہش کے برعکس واجبی نظر آتی ہے۔

اور رہی بات پاکستان کی عربوں کےلیے خدمات کی، تو پاکستان نے عربوں کےلیے جو بھی خدمات سرانجام دیں، بروقت اس کا صلہ پایا۔ آخر میں میری ان دوستوں سے جو متحدہ عرب امارات کی جانب سے مودی کو ایوارڈ دئیے جانے پر گزشتہ کئی روز سے نوحہ کناں ہیں، ان کی خدمت میں عرض ہے کہ یہ آرڈر آف زید پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف کو جنوری 2007 میں عطا کیا جاچکا ہے۔

اگر آپ کو سعودی عرب کی طرف سے مودی کو اعلیٰ ترین ایوارڈ دینے پر دکھ ہورہا تو یاد رکھیے سعودی آرڈر آف کنگ پاکستان اور سعودی عسکری تعلقات کے استحکام کے اعتراف چھ پاکستانی جرنیلوں کو دیا جاچکا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو بھی یہ ایوارڈ ملے، آپ بھی محنت کریں، کشکول توڑیں، نیچے والے ہاتھ کے بجائے اوپر والا ہاتھ بنیں۔ کھاؤ پوت کے بجائے کماؤ پوت بن کر دکھائیں، تو وہ وقت دور نہیں جب آپ کی ہاں میں دنیا کی ہاں ہوگی۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

محمد عمران چوہدری

محمد عمران چوہدری

بلاگر پنجاب کالج سے کامرس گریجویٹ ہونے کے علاوہ کمپیوٹر سائنس اور ای ایچ ایس سرٹیفکیٹ ہولڈر جبکہ سیفٹی آفیسر میں ڈپلوما ہولڈر ہیں اور ایک ملٹی اسکلڈ پروفیشنل ہیں؛ آپ کوچہ صحافت کے پرانے مکین بھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔