افغانستان میں پولیس چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 16 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2019
طالبان حملے کے بعد افغان پولیس کا اسلحہ بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ فوٹو : فائل

طالبان حملے کے بعد افغان پولیس کا اسلحہ بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ فوٹو : فائل

کابل: افغانستان میں پولیس اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں 16 اہلکار ہلاک اور 5 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندوز میں طالبان جنگجوؤں نے پولیس چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا، پولیس اور جنگجوؤں کے درمیان 2 گھنٹے سے زائد جھڑپ جاری رہی اس دوران چیک پوسٹ کمانڈر سمیت 16 پولیس اہلکار ہلاک اور 5 سے زائد زخمی ہوگئے۔

چیک پوسٹ پر حملے کی اطلاع ملنے پر افغان سیکیورٹی فورسز  بھی پولیس کو مدد کو پہنچ گئی اور طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا تاہم جنگجو افغان پولیس کا اسلحہ اور اپنے زخمی ساتھیوں کو اپنے ہمراہ لے گئے جن کی تلاش میں چھاپہ مارکارروائی جاری ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: افغانستان میں شدت پسندوں کا مسجد پر مارٹرگولے سے حملہ، 62 نمازی شہید

طالبان نے پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ اس علاقے میں طالبان کا قبضہ ہے جسے واگزار کرانے کے لیے افغان سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں جس کے دوران دونوں جانب سے جانی نقصان ہورہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کا افغان طالبان کے ساتھ امن مذاکرات معطل کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان افغان امن مذاکرات آخری مرحلے میں پہنچنے کے بعد صدر ٹرمپ کی جانب سے اچانک مذاکراتی عمل ختم کرنے کے اعلان کے بعد سے تاحال تعطل کا شکار ہے جس سے افغانستان میں خانہ جنگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔