میشا شفیع قبول کرلیں کہ انہوں نے ہراسانی کا جھوٹا الزام لگایا، وکیل علی ظفر

ویب ڈیسک  منگل 10 دسمبر 2019
میشاشفیع 19 ماہ بعد آگئی ہیں ،کیس ٹریک پر آگیاہے ،وکیل عنبرین قریشی فوٹوفائل

میشاشفیع 19 ماہ بعد آگئی ہیں ،کیس ٹریک پر آگیاہے ،وکیل عنبرین قریشی فوٹوفائل

کراچی: معروف گلوکار واداکار علی ظفر کی وکیل عنبرین قریشی کا کہنا ہے کہ میشا شفیع قبول کرلیں انہوں نے علی ظفر کے بارے میں جو بولا جھوٹ بولا ہے۔

علی ظفر کی وکیل عنبرین قریشی نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے کہا کہ میشا شفیع 19 ماہ بعد واپس آگئی ہیں جس کے بعد کیس بھی ٹریک پر آگیا ہے، وہ قبول کرلیں کہ انہوں نے جو بولا جھوٹ بولا اور میرے موکل پر غلط الزام لگائے۔

میشا شفیع نے گزشتہ روز لاہور کی سیشن عدالت میں گلوکار علی ظفر کے ہتک عزت دعوے کے جواب میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ علی ظفر نے انہیں کئی بار دانستہ طور پر چھوا اورجنسی طور پر ہراساں بھی کیا۔

اپنے بیان میں میشا شفیع کا مزید کہنا تھا کہ انہیں علی ظفر کے ساتھ لمبے عرصے تک پرفارم کرنا تھا لیکن ان کی حرکات پریشان کن تھیں اور انتہائی مجبوری کی حالت میں انہیں جنسی ہراسانی کا معاملہ اٹھانا پڑا کیونکہ علی کا رویہ ان کی برداشت سے باہر ہوتا جارہا تھا۔

میشا شفیع نے گزشتہ روز پہلی بار انکشاف کیا کہ علی ظفر نے انہیں پہلی بار اپنے سسر کے گھر ہراساں کیاتھا جس پر انہوں نے اپنے شوہر کو بھی علی کی اس حرکت سے آگاہ کیا لیکن اس وقت انہوں نے اپنے شوہر کو علی ظفر سے اس معاملے پر بات کرنے سے روک دیاتھا کیونکہ ان کے شوہر پروفیشنل باکسر ہیں اور وہ لڑائی جھگڑا نہیں چاہتی تھیں۔

واضح رہے کہ علی ظفر نےمیشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ان کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔