بھارت عرصہ دراز سے پاکستان کیخلاف مکروہ سازشیں کرتا چلا آ رہا ہے، وائس ایڈمرل (ر) عارف اللہ حسینی

خصوصی رپورٹ  بدھ 29 جنوری 2020
’’گنگا تا پلوامہ، ہندوستان کے فلیگ آپریشنز‘‘ کی تقریب رونمائی، جاوید جبار و دیگر کا اظہار خیال. فوٹو: فائل

’’گنگا تا پلوامہ، ہندوستان کے فلیگ آپریشنز‘‘ کی تقریب رونمائی، جاوید جبار و دیگر کا اظہار خیال. فوٹو: فائل

کراچی: وائس ایڈمرل (ر) عارف اللہ حسینی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت عرصہ دراز سے پاکستان کیخلاف مکروہ سازشیں کرتا چلا آرہا ہے۔

آرٹس کونسل آف پاکستان میں ریڈرز کلب کے زیراہتمام ڈاکٹر جنید احمد اور سید ابن الحسن رضوی کی کتاب ’’گنگا تا پلوامہ ،ہندوستان کے فلیگ آپریشنز‘‘ کی رونمائی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل (ر) عارف اللہ حسینی نے کہا کہ بھارتی ادارے سوچے سمجھے پلان کے تحت اپنے ہی ملک کے اندر تخریب کاری اور دہشت گردی کے ڈرامے اسٹیج کرکے پاکستان کیخلاف جھوٹی الزام تراشی کرتے ہیں مگر بھارت کبھی بھی اپنے بھونڈے الزامات اور بھارت کے اندر ہونے والی کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ناقابل تردید ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا۔

کتاب کی لانچنگ تقریب میں دفاعی ماہرین ، سیکیورٹی تجزیہ کاروں، نامور ماہر تعلیم، ممتاز دانشوروں اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان نے بھی شرکت کی، سابق سینیٹر جاوید جبار نے اس کتاب کے تحقیقی مندرجات کا جامع تجزیہ پیش کیا۔

صبوحہ خان نے اس کتاب کی اشاعت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مصنفین نے اس کتاب میں جنوری 1971میں گنگا جہاز کے اغوا کے بعد سے اب تک بھارت کی جانب سے ہونیوالے فالس فلیگ آپریشنز کا تحقیقاتی جائزہ پیش کرتے ہوئے پوری تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ 1971 میں گنگا جہاز کا اغوا، دسمبر2001میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ،2002میں ٹرین آتشزدگی، فروری2007 میں سمجھوتہ ایکسپریس آتشزدگی، نومبر2008میں ممبئی حملہ، ستمبر2016 میں اڑی حملہ اور فروری2019 میں پلوامہ فالس فلیگ آپریشن بھارتی منصوبہ سازوں کے اپنے ہی تیار کردہ خود ساختہ ڈرامے تھے۔

اس تحقیقی کتاب کی اشاعت کا مقصد پاکستان کیخلاف جاری بھارتی ڈراموں کو بے نقاب کرکے بھارت سرکار کے جارحانہ عزائم کو اقوام عالم کے سامنے لانا ہے تاکہ پوری دنیا کو بھارتی منصوبہ سازوں کے بے رحمانہ دہشت گردانہ سلسلے اور پاکستان کیخلاف بھونڈی الزام تراشی کے مقاصد سے خبردار کیا جاسکے اور اقوام عالم کو باور کرایا جاسکے کہ بھارت جیسا بڑا ملک اپنے پڑوسی چھوٹے ممالک کیخلاف کس طرز کی سازشیں کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے درپے رہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔