عید پر مرغی کے گوشت کی قیمت کو پرلگ گئے

آصف محمود  پير 25 مئ 2020
عیدکے دوسرے روز چکن کی قیمت ساڑھے چارسوروپے کلوتک جاپہنچی فوٹو:فائل

عیدکے دوسرے روز چکن کی قیمت ساڑھے چارسوروپے کلوتک جاپہنچی فوٹو:فائل

 لاہور: عید کادسترخوان گوشت کےبغیر ادھورا رہتا ہے لیکن مرغی کے گوشت کی قیمت کوتوجیسے پرلگ گئے ہیں، عیدکے دوسرے روز چکن کی قیمت ساڑھے چارسوروپے کلوتک جاپہنچی ہے۔

رمضان المبارک کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھناشروع ہوئی تھی جواب عید کے دنوں میں بھی برقرار ہے عید کے پہلے روز چکن پونے چارسوروپے فی کلومیں فروخت ہوتارہا لیکن آج مرغی کے گوشت کی قیمت ساڑھے چارسوروپے تک جاپہنچی ہے، پوٹا کلیجی کے بغیرچکن ساڑھے چارسوروپے فی کلومیں مل رہا ہے جبکہ عام قیمت 380 روپے تک ہے۔

ایک شہری احسان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بچپن سے لیکرآج تک مرغی کے گوشت کی اتنی قیمت نہیں دیکھی ہے، اس سے توبہترہے بندہ دال ، سبزی کھالے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پہلے ہی لوگوں کی قوت خرید کم ہوگئی ہے،اب گوشت کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، لیکن کوئی پوچھنے والانہیں ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے فارمرزنے زندہ مرغی کی قیمت بڑھا دی ہے جو 245 روپے تک میں مل رہی ہے، حکومت اگرفارمرزاور ڈسٹری بیوٹرزکوپکڑے تومرغی کے گوشت کی قیمت کنٹرول کی جاسکتی ہے۔ مارکیٹ میں بڑے گوشت یعنی بیف کی قیمت 500 سے 600 روپے فی کلوجبکہ مٹن 1200 سے 1400 روپے فی کلومیں فروخت ہورہا ہے۔

مہنگے داموں گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے ٹولنٹن مارکیٹ، شیرانوالہ گیٹ، لاری اڈہ سمیت کئی علاقوں کا دورہ کیا اور مہنگاگوشت بیچنے والے متعدد دکانداروں کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال کا کہنا ہے برائلرایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات میں مرغی کے گوشت کی قیمت طے کی گئی تھی ،اب جو دکاندارمہنگا بیچ رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

برائلر ٹریڈرز کا موقف ہے کہ برائلر فارمر سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگی مرغی دکانداروں اور ٹریڈرز کو فروخت کرتے ہیں اور بہانہ یہ بنایا جاتا ہے کہ پیداوار کم ہے ، حکومت دکانداروں کے جرمانے اورچالان کرنے کی بجائے مہنگی مرغی فروخت کرنے والے کنٹرولڈ شیڈ مالکان پر بھی چیک اینڈ بیلنس رکھے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔