امریکا میں چھوٹا طیارہ مصروف شاہراہ پر گر گیا

ویب ڈیسک  پير 13 جولائی 2020
ایک انجن والے چھوٹے طیارے کا پاور سسٹم خراب ہونے پر حادثہ پیش آیا، فوٹو : امریکی میڈیا

ایک انجن والے چھوٹے طیارے کا پاور سسٹم خراب ہونے پر حادثہ پیش آیا، فوٹو : امریکی میڈیا

 واشنگٹن: امریکا میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ مصروف شاہراہ پر گر گیا تاہم خوش قسمتی سے پائلٹ اور مسافر محفوظ رہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کاؤنٹی سنوہومش کے شہر ایوریٹ میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں کے درمیان گر گیا جس سے طیارے کے لینڈنگ گیئر ٹوٹ گئے تاہم معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے طیارے کو مرکزی شاہراہ سے ہٹا کر ٹریفک کو رواں دواں کیا، ایمبولینس کے ذریعے پائلٹ اور مسافر کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بارے میں سب سے پہلے پائلٹ نے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے کا پاور سسٹم خراب ہوگیا ہے جس کے باعث طیارہ سڑک پر گر گیا۔ پائلٹ اور مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ طیارہ پائلٹ کی ملکیت تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔