اردن کے فوجی اسلحہ ڈپو میں خوفناک دھماکے سے شہر لرز اُٹھا

ویب ڈیسک  جمعـء 11 ستمبر 2020
دھماکوں کی آواز اور بلند ہوتے شعلوں کو 25 کلومیٹر دور عمان تک دیکھا اور سنا گیا، فوٹو : رائٹرز

دھماکوں کی آواز اور بلند ہوتے شعلوں کو 25 کلومیٹر دور عمان تک دیکھا اور سنا گیا، فوٹو : رائٹرز

عمان: اردن کے دارالحکومت سے کچھ فاصلے پر موجود فوجی تنصیبات اور عمارتوں میں سے سلسلہ وار خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے دارالحکومت عمان کے نزدیکی شہر زرقا میں وقفے وقفے سے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔ یہ دھماکے فوجی اسلحہ ڈپو میں ہوئے جہاں مارٹر گولوں سمیت بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور فوجی ساز و سامان موجود تھا۔

دھماکے اتنے شدید نوعیت کے تھے اس کی گونج 25 کلو میٹر دور عمان تک نہ صرف سنی گئی بلکہ دھماکوں کے نتیجے میں بلند شعلوں کو بھی دیکھا گیا۔ دھماکوں میں کسی قسم کا جانی یا  مالی نقصان نہیں ہوا ہے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکے اسلحہ ڈپو میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوئے۔

ریسکیو اداروں کی ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آسمان کو چھوتے شعلوں کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے ’’رائٹرز‘‘ سے بات کرتے ہوئے اردن فوج کے ایک آفیسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسلحہ خانے میں اینٹی کرافٹ میزائل بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ جس مقام پر دھماکے ہوئے ہیں وہاں 2018 سے متعدد امریکی اسلحہ ڈپو قائم ہیں اور امریکی فضائیہ کے زیر استعمال ہیلی پیڈ بھی اسی جگہ پر موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔