کورونا ویکسی نیشن سے پہلے اوربعد میں کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے

ویب ڈیسک  منگل 11 مئ 2021
کورونا ویکسین لگوانے سے پہلے کن باتوں کو دھیان میں رکھنا ضروری ہے۔(فوٹو:فائل)

کورونا ویکسین لگوانے سے پہلے کن باتوں کو دھیان میں رکھنا ضروری ہے۔(فوٹو:فائل)

 ممبئی: دنیا بھر میں لوگوں کو کورونا وبا سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ویکسینیش کا عمل جاری ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق اب تک دنیا بھر کے ایک ارب 32 کروڑافراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ کورونا کے مریض کی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے ڈاکٹر صحت بخش غذائیں کھانے کی ہدایت کرتے ہیں اسی طرح ویکسینیشن پراسیس کے دوران بھی اپنی قوت مدافعت کو بڑھانا بہت ضروری ہے۔ حال ہی میں مشہوربھارتی ماہر غذائیت پوجا مکھیجا نے انسٹاگرام پر ایک معلوماتی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ویکسینیشن سے پہلے اور ویکسینیشن کے بعد کیا کھانا چاہیئے اور کن سےاجتناب برتنا چاہیئے۔

جس طرح ہر لیباریٹری ٹیسٹ کی کچھ ضروریات ہوتی ہے کہ ٹیسٹ سے پہلے کیا کھانا پینا چاہیے یا کیا نہیں کھانا یا پینا چاہئے، اسی طرح کورونا ویکسین لگوانے سے پہلے بھی درج ذیل باتوں کو دھیان میں رکھنا ضروری ہے۔

صحت بخش اور گھر کے بنے کھانوں کا استعمال 

ویسے تو صحت بخش اور گھر کے بنے کھانے روزمرہ کی زندگی کا حصہ ہونا چاہیے لیکن ویکسینیشن سے پہلے اور بعد میں باہر کے غیر معیاری کھانوں خصوصا جنک فوڈ سے پرہیز کریں، تاکہ کسی انفیکشن کی صورت میں آپ کا مدافعتی نظام کمزور نہیں ہو۔
 مناسب ہائیڈریشن

ویکسینیشن سے پہلے اور بعد میں ضروری ہے کہ آپ  ہائیڈریٹڈ( جسم میں پانی کی مناسب مقدار) رہیں، جسم میں پانی کی کمی ویکسین لگنے کی جگہ پر جلن کا سبب بن سکتی ہے۔ جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پانی ، زیادہ پانی والے پھلوں، سوپ اور سبزیوں کے جوس کا استعمال کرنا چاہیئے۔

 نشے آور(تمباکو نوشی، الکوحل، نسوار وغیرہ) اشیا کا استعمال ختم کردیں  

تمباکو نوشی، شراب اور اس نوعیت کا دیگر نشہ قوت مدافعت کو کمزور کرتا ہے، جس کے نتیجے میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی مزید بڑھ جاتی ہے۔ اگر آپ کسی بھی قسم کے نشے کے عادی ہیں تو ویکسیشین سے کم از کم 24 گھنٹے پہلے اس کا استعمال ترک کردیں۔ ویکسینیشن کے بعد بھی اگلے 24 گھنٹوں تک قطعی کوئی نشہ نہیں کریں۔

 بھرپور نیند لیں

ویکسینیشن سے ایک دن قبل مکمل آرام کریں اور بھرپور نیند لیں، کیوں کہ ناکافی نیند آپ کی قوت مدافعت کو 70 فیصد تک کم کردیتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔