فنڈز کی عدم فراہمی، عباسی شہید اسپتال کا نظام درہم برہم مریضوں کا گندگی میں علاج

دعا عباس  جمعـء 8 اپريل 2022
 مہنگی دوا خرید کر لاتے ہیں،مریض،حکومت کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے تعاون نہیں کیا جارہا ہے،ایم ایس ندیم آصف

مہنگی دوا خرید کر لاتے ہیں،مریض،حکومت کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے تعاون نہیں کیا جارہا ہے،ایم ایس ندیم آصف

عباسی شہید اسپتال کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہوگئی۔

عباسی شہید اسپتال کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہوگئی۔ چھتوں سے سیوریج پانی ٹپکنا معمول کا حصہ بن گیا،عباسی شہید اسپتال کے ویٹنگ ایریا میں چھت سے ٹپکتے سیوریج کے گندے اور تعفن زدہ پانی نے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، ویٹنگ ایریا میں موجود مریضوں پر گندہ اور تعفن زدہ پانی مسلسل گررہا ہے،عملے کی جانب سے بھی اس پانی کو صاف نہیں کیا جارہا ہے،زمین پر موجود گندہ پانی تعفن کی وجہ بن رہا ہے۔

اسپتال میں صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے،اسپتال میں موجود درودیوار غلاظت کا منظر پیش کررہے ہیں،صفائی  کے حوالے سے عملے میں موجود کسی فرد کی جانب سے بھی توجہ نہیں دی جارہی ہے، عباسی شہید اسپتال میں قائم فارمیسی میں ادویات کی کمی ہے جس کے باعث اسپتال انتظامیہ اہم اور ضروری ادویات مہیا کرنے سے بھی قاصر ہوگئی ، مریضوں نے کہا کہ اسپتال میں دواؤں کی عدم فراہمی کے باعث مہنگی ادویات خرید رہے ہیں۔

ڈاکٹر کی جانب سے تجویز کی گئی تمام ادویات مہیا نہیں کی جارہی ہیں،ماضی میں طبی معائنے سے قبل ڈاکٹر نے ہم سے دستانے منگوائے تھے،جوکہ اسپتال انتظامیہ کی ذمے داری تھی، عباسی شہید اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ندیم آصف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے تعاون نہیں کیا جارہا ہے ،فارمیسی میں ادویات مہیا نہیں کی جارہی،عملے کی کمی کا بھی سامنا ہے، انھوں نے کے ایم سی سے درخواست کی کہ عمارت کا تعمیراتی کام کرایا جائے اور عملے کی کمی سمیت اسپتال انتظامیہ کو درپیش دیگر مسائل بھی حل کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔