ایف بی آر نے آئی ایم ایف کے طے کردہ ہدف سے زیادہ ٹیکس وصول کرلیا

ارشاد انصاری  جمعرات 30 جون 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے دوران عالمی مالیاتی فنڈز کے نظر ثانی شدہ ہدف سے زائد ٹیکس وصول کرلیا۔

نمائندہ ایکسپریس کو ایف بی آر ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 2022-2021 کے دوران 6129 ارب روپے سے تجاوز کرگئیں۔

گذشتہ ماہ(جون2022)میں ایف بی آر نے763 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جو کہ گذشتہ مالی سال20201-21 کے اسی عرصہ میں حاصل ہونیوالی580 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں 32فیصد زیادہ ہیں،جون2022 میں ٹیکس دہندگان کو39 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے ہیں جو گذشتہ مالئی سال کے اسی عرصے میں جاری کردہ27 ارب روپے کے ریفنڈز کے مقابلے میں44 فیصد زیادہ ہیں۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ریکارڈ ٹیکس وصولیوں پر چیئرمین ایف بی آرعاصم احمد اور انکی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

ایف بی آر کے ماتحت ادارے ایل ٹی یو کراچی کی ٹیکس وصولیاں بھی مقررہ ہدف سے تجاوز کرگئیں، رواں مالی سال 2021-22 میں ایل ٹی یو کراچی کی خالص عبوری ٹیکس وصولیاں1595 ارب روپے سے تجاوز کرگئیں۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض پروگرام جاری رکھنے کے لیے جہاں دیگر شرائط رکھی تھیں وہیں نظرثانی کے بعد 6 ہزار 100 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف بھی دیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔