انگلینڈ سے ہوم سیریز کی تیاریوں میں تیزی آگئی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 14 ستمبر 2022
نیشنل اسٹیڈیم میں پچز کا کام مکمل،سیکیورٹی اداروں نے بھی پلاننگ کا آغاز کردیا۔ فوٹو : فائل

نیشنل اسٹیڈیم میں پچز کا کام مکمل،سیکیورٹی اداروں نے بھی پلاننگ کا آغاز کردیا۔ فوٹو : فائل

کراچی / لاہور: انگلینڈ سے ہوم سیریز کیلیے تیاریوں میں تیزی آگئی،نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پچز کا کام مکمل کر لیا گیا جبکہ سیکیورٹی اداروں نے بھی پلاننگ کا آغاز کردیا۔

رواں ماہ انگلینڈ کی ٹیم 7 ٹی20 میچز کی سیریز کیلیے پاکستان آرہی ہے،اس تاریخی موقع کو یادگار بنانے کیلیے تیاریوں میں تیزی آگئی،نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پچز کا کام مکمل کرلیا گیا، دونوں ٹیموں کیلیے 4 پریکٹس پچز بھی تیار کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ 6 ماہ قبل مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد سے نیشنل اسٹیڈیم میں کوئی میچ نہیں کھیلا گیا، اس دوران نئی پچز کی تیاری کا کام جاری رہا، دوسری جانب اسٹیڈیم کے انکلوژر کی صفائی کا کام بھی جاری ہے،سیکیورٹی اداروں نے پلاننگ کا آغاز کردیا، ابتدائی طور کراچی میں حکام نے بہترین انتظامات کیلیے سر جوڑ لیے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان

دریں اثناء ٹکٹوں کی فروخت بھی جاری ہے، شائقین نے کراچی میں شیڈول ابتدائی 2 میچز میں زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی، ذرائع کے مطابق ابھی تک نصف کے قریب ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں،تیسرے اور چوتھے ٹی ٹوئنٹی کے زیادہ تر ٹکٹ خرید لیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز: ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہوگیا

دوسری جانب لاہور میں شائقین نے زیادہ جوش و خروش دکھایا، تینوں میچز کے ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں، انگلینڈ ٹیم 17 سال بعد 15 ستمبر کو کراچی پہنچے گی، اسی روز منتخب قومی کرکٹرز بھی شہر قائد میں رپورٹ کریں گے، سیریز کے پہلے 4 میچ 20 سے 25 ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے،آخری 3مقابلے 28 ستمبر سے 2 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔