ملالہ یوسفزئی کا شاہی قلعہ سمیت لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ

آصف محمود  جمعرات 15 دسمبر 2022

 لاہور: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے لاہور کے شاہی قلعہ سمیت اندرون شہر میں مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا، انہوں نے مختلف مقامات پر تصویریں بنائیں، ملالہ یوسف زئی کے والدین اور شوہر بھی انکے ہمراہ تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قیام کے دوران نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے جمعرات کے روز والڈ سٹی اتھارٹی آف لاہور کی دعوت پر دہلی گیٹ پہنچی، جہاں ان کے ہمراہ ان کے خاوند اور والدین موجود ہیں۔ملالہ یوسفزئی شاہی حمام کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر انہیں شاہی حمام اور دہلی گیٹ کی تاریخ کے متعلق بھی بتایا گیا۔ملالہ یوسف زئی نے اپنے والدین اور شوہر کے ہمراہ دہلی گیٹ، شاہی حمام، گلی سورجن سنگھ، مسجد وزیر خان اور شاہی قلعہ لاہور کی سیر کی۔

ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے یادگاری سونئیر پیش کیا، ملالہ یوسف زئی نے تاریخی ورثے کو دیکھ کر انتہائی خوشی کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا یہ قدیم ورثہ ہمیں اپنے شاندارماضی کی یاد دلاتا ہے،انہیں خوشی ہے کہ پنجاب حکومت خاص طور پر والڈ سٹی اتھارٹی آف لاہور نے اس ورثے کو محفوظ رکھنے اور ان کی آرائش وتزئین کے لیے بہترین کام کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔