مسجد الحرام کی بالائی منزل سے ایک شخص نے چھلانگ لگا دی

ویب ڈیسک  منگل 9 اپريل 2024
2018 میں مسجد الحرام کی بالائی چھت سے کود کر 3 افراد نے خودکشی کی تھی، فوٹو: ویڈیو گریب

2018 میں مسجد الحرام کی بالائی چھت سے کود کر 3 افراد نے خودکشی کی تھی، فوٹو: ویڈیو گریب

مکہ معظمہ: مسجد الحرام کی بالائی منزل سے ایک شخص نے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ 

عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام کی بالائی منزل سے چھلانگ لگانے والے شخص کو سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ بروقت طبی امداد ملنے کے باعث اُس شخص کو بچالیا گیا۔

خود کشی کی کوشش کرنے والے شخص کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔ مسجد الحرام کی سیکیورٹی پر مامور فورس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔

یاد رہے کہ 2017 میں ایک سعودی شخص نے خانہ کعبہ کے عین سامنے خود کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی لیکن سیکورٹی فورسز نے بروقت مداخلت کرکے اسے بچا لیا تھا۔

اسی طرح 2018 میں بھی خودکشی کے ایسے 3 واقعات رونما ہوئے تھے۔ پہلا واقعہ جون میں پیش آیا جب ایک فرانسیسی شخص نے مسجد الحرام کی چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ ایک ہفتے بعد بنگلا دیشی شخص نے بھی اسی انداز میں خودکشی کی اور پھر اگست میں ایک عرب شخص نے بھی اسی طرح اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔