اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 51 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2024
اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ رہا—فوٹو: فائل

اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ رہا—فوٹو: فائل

  کراچی: وزیراعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات سے وابستہ مثبت توقعات، روپے کی قدر میں دوبارہ بہتری جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو اتارچڑھاو کے باوجود تیزی رہی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای-100 انڈیکس کی 75 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد دوبارہ بحال ہوگئی اور 51 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے نتیج میں حصص کی مالیت میں 48 ارب 74کروڑ 18 لاکھ 65 ہزار 555روپے کا اضافہ ہوگیا۔

کاروباری دورانیے میں وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ سے مارکیٹ اتارچڑھاو کا شکار رہی اور ایک موقع پر 231پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم معاشی اشاریوں میں بہتری کی توقعات کے پیش نظر مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور ایک موقع پر 328پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی۔

اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ رحجان سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 157.80پوائنٹس کے اضافے سے 75 ہزار 114.47 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کے ایس ای-30 انڈیکس 30.78 پوائنٹس کے اضافے سے 24113.97 پوائنٹس، کے ایم آئی-30 انڈیکس 408.15پوائنٹس کے اضافے سے 123882.20پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شئیر انڈیکس 121.19 پوائنٹس کے اضافے سے 34683.57 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 75کروڑ 89 لاکھ 44ہزار 398 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 376 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 192 کے بھاو میں اضافہ 156 کے داموں میں کمی اور 28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔