کولمبیا کا فلسطین میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مئ 2024
کولمبیا نے رواں ماہ کے آغاز پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے، فوٹو: فائل

کولمبیا نے رواں ماہ کے آغاز پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے، فوٹو: فائل

بگوٹا: کولمبیا کے صدر گسٹاؤ پیٹرو نے فلسطین کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں سفارتخانہ کھولنے کا حکم دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر وحشیانہ بمباری میں ہزاروں انسانی جانوں کے ضیاع پر چلی اور بولیویا کی طرح کولمبیا نے بھی رواں ماہ کے آغاز پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔

جس کے بعد اب کولمبیا کا فلسطین میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : کولمبیا کا اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان 

کولمبیا کے وزیر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر گسٹاؤ پیٹرو کے حکم پر فلسطین میں سفارت خانہ کھولنے کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ سفارت خانہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں کھولا جائے گا۔

یاد رہے کہ کولمبیا کے صدر نے گزشتہ برس فلسطینی سفیر رؤف المالکی سے ملاقات میں ارادہ ظاہر کیا تھا کہ وہ فلسطین میں سفارت خانہ کھولنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

ایک روز قبل ہی یورپی ممالک اسپین، ناروے اور آئرلینڈ نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے بغیر مشرق وسطیٰ میں قیام امن کا تصور ناگزیر ہے۔

تاہم اس پر اسرائیل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان ممالک سے اپنے سفیر اور ایلچیوں کو واپس بلالیا تھا البتہ سعودی عرب نے اس اقدام کی حمایت کی جب کہ امریکی صدر نے اسرائیل سے دوستی نبھاتے ہوئے اسے جلد بازی قرار دیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔