قلات؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے 12 جنوری کو قلات میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا

فوٹو فائل

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد ہر کارروائی کی اور 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 12 جنوری کو بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے اسپانسرڈ 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں ؛ بنوں: دہشتگردوں کی فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت امن کمیٹی کے 4ممبران جاں بحق

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

بیان میں بتایا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزم استحکام کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

Load Next Story