فیفا ورلڈ کپ؛ جاپان نے تاریخی 1000ویں میچ میں تیونس کو 4 صفر سے شکست دیدی
جاپان نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کے ہزارویں میچ میں تیونس کو 0-4 سے شکست دے کر ایونٹ کے اگلے مرحلے کی جانب اہم قدم بڑھا دیا۔
میچ میں آیاسے اوئیڈا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے، جبکہ دائیچی کامادا اور جونیا ایتو نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
میکسیکو کے ایسٹاڈیو مونتری میں کھیلے گئے اس مقابلے میں جاپان نے ابتدا ہی سے حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ اس کامیابی کے بعد جاپان نے گروپ ایف میں دو میچوں کے بعد چار پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور راؤنڈ آف 32 میں رسائی کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔
دوسری جانب نیدرلینڈز نے سوئیڈن کو 1-5 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ جاپان بھی چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ سوئیڈن کے تین پوائنٹس ہیں جبکہ تیونس اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکا۔
جاپان اپنا آخری گروپ میچ جمعرات کو سوئیڈن کے خلاف کھیلے گا، جبکہ نیدرلینڈز کا مقابلہ تیونس سے ہوگا۔