فیفا ورلڈ کپ: نیدرلینڈز کی سویڈن کے خلاف شاندار فتح، گروپ ایف میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

نیدرلینڈز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کو 1-5 سے شکست دے دی


ویب ڈیسک June 21, 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایف کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کو 1-5 سے شکست دے دی اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

ہیوسٹن کے این آر جی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ڈچ ٹیم نے آغاز سے ہی کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور سویڈن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

نیدرلینڈز کی جانب سے برین بروبی نے میچ کے پانچویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ انہوں نے 17ویں منٹ میں دوسرا گول بھی اسکور کیا جس کے بعد ڈچ ٹیم کو 0-2 کی مضبوط برتری حاصل ہو گئی۔

پہلے ہاف کے اختتام تک سویڈن کی ٹیم کوئی جواب نہ دے سکی اور نیدرلینڈز واضح طور پر بہتر نظر آیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں کوڈی گکپو نے اپنی کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے لگاتار دو گول داغ دیے، جس سے اسکور 0-4 ہو گیا اور میچ تقریباً نیدرلینڈز کے حق میں فیصلہ ہو گیا۔

سویڈن کی جانب سے انتھونی ایلنگا نے 59ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی، تاہم ڈچ ٹیم کی برتری برقرار رہی۔

میچ کے اختتامی لمحات میں کریسنسیو سمر ویل نے 89ویں منٹ میں ایک اور گول اسکور کرکے نیدرلینڈز کی 1-5 سے شاندار فتح پر مہر ثبت کر دی۔

نیدرلینڈز کی کامیابی میں برائن بروبی اور کوڈی گاکپو کے علاوہ ڈینزیل ڈمفریز نے بھی نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ دفاع میں کپتان ورجل وین ڈجک اور مڈفیلڈ میں فرینکی ڈی جونگ نے ٹیم کو بھرپور استحکام فراہم کیا۔

یہ فتح نیدرلینڈز کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم رہی کہ جاپان کے خلاف پہلے میچ میں 2-2 کے ڈرا کے بعد اسے مکمل تین پوائنٹس کی ضرورت تھی۔

دوسری جانب سویڈن، جس نے اپنے پہلے میچ میں تیونس کو 1-5 سے شکست دی تھی، اس بھاری ناکامی کے بعد اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے دباؤ کا شکار ہو گیا ہے۔

میچ کے دوران نیدرلینڈز نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنا 100واں گول بھی مکمل کیا، جو ڈچ فٹبال کے لیے ایک یادگار سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ نیدرلینڈز گروپ ایف میں سرفہرست آ گیا ہے اور ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات مزید روشن کر لیے ہیں۔