جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے آئیوری کوسٹ کو 2-1 سے شکست دے دی اور ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس کامیابی کے ہیرو متبادل کھلاڑی ڈینیز اونڈاؤ رہے جنہوں نے دوسرے ہاف میں میدان میں آ کر دونوں گول اسکور کیے۔
میچ کے ابتدائی لمحات میں آئیوری کوسٹ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 30ویں منٹ میں کپتان فرینک کیسی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
یہ گول اس وقت آیا جب ایمڈ ڈیالو کی کوشش جرمن دفاع سے ٹکرا کر واپس کَیسی کے پاس پہنچی اور انہوں نے گیند جال میں پہنچا دی۔
پہلے ہاف میں خسارے کا شکار رہنے والی جرمن ٹیم نے دوسرے ہاف میں بھرپور واپسی کی
۔ 68ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی ڈینیز اونڈاؤ نے ندیم امیری کی لمبی پاس پر گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ اس موقع پر کائے ہیورٹز نے گیند کو خوبصورتی سے چھوڑا، جس سے اونڈاؤ کو موقع ملا۔
جب میچ برابر نظر آ رہا تھا تو اضافی وقت کے چوتھے منٹ میں اونڈاؤ نے ایک بار پھر وار کیا۔ فیلکس نمیچا کے پاس پر انہوں نے زبردست شاٹ لگا کر گیند گول میں پہنچا دی اور جرمنی کو 2-1 کی فیصلہ کن فتح دلا دی۔
چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمن ٹیم کے لیے یہ کامیابی خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ 2018 اور 2022 کے ورلڈ کپ میں وہ گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ جرمنی آخری بار 2014 میں گروپ مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب ہوا تھا اور اسی سال اس نے عالمی ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔
دوسری جانب آئیوری کوسٹ کی ٹیم اب بھی اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی منتظر ہے تاہم اس کے پاس اگلے میچوں میں کوالیفائی کرنے کا موقع موجود ہے۔