ایشین گیمز2026: پاکستانی کھلاڑی جمعرات کو 9 کھیلوں کے مقابلوں میں شریک ہوں گے

اپنی مدد آپ کے تحت گیمز میں شریک قومی ویمن چیمپین فائقہ ریاض خواتین کی  100 میٹر کی دوڑ  کے پہلے راؤنڈ میں حصہ لیں گی


زبیر نذیر خان September 23, 2026

جاپان میں جاری 20 ویں ایشین گیمز 2026 میں جمعرات کو 7ویں روز پاکستان  کےکھلاڑی 9 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں شریک ہوں گے۔

جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں کھیلے جارہے گیمز میں خواتین کی پیراکی میں  50 میٹر فری اسٹائل کی پہلی ہیٹ میں  مشعل عائشہ حیات ایوب اور  مردوں کی 50 میٹر بٹرفلائی  کی 5 ویں ہیٹ میں حمزہ آصف  قسمت آزمائی کریں گے۔

فینسنگ میں مردوں کے ایپی انفرادی مقابلے میں محمد وقاص قیرغزستان، قطر، جاپان، منگولیا، بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ کے حریفوں سے مقابلے کریں گے۔ عبدالمصور کا منگولیا، سنگاپور، ہانگ کانگ، ازبکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے کھلاڑیوں سے مقابلہ طے ہے۔

ٹیبل ٹینس  میں مینز سنگلز  کے پہلے  راؤنڈ میں محمد خان طحٰہ بلال حریفوں کو ہرانے کی کوشش کریں گے۔اسکواش میں مکسڈ ڈبلز کے  راؤنڈ  16 میں  پاکستان کا ہانگ کانگ ،مکسڈ ڈبلز میں  جاپان سے مقابلہ شیڈول ہے،مینز سنگلز میں عالمی انڈر23 چیمپین نور زمان اور  محمد  اشہب عرفان جیت کا خواب لے کر کورٹ کا رخ کریں گے۔ویمن باکسنگ میں  51 کلوگرام ویٹ میں  ماریہ کا منگولیا کی باکسر سے فائٹ ہوگی۔ مردوں کے  لائٹ ویٹ  درجہ میں اسد اقبال کا مقابلہ ہوگا۔

کبڈی میں  پاکستان کا مضبوط حریف  ایران سے ٹکراؤ ہوگا۔ہاکی ایونٹ کے پول بی میں قومی ٹیم  چین کو زیر کرنے کی کوشش کرے گی۔اپنی مدد آپ کے تحت گیمز میں شریک قومی ویمن چیمپین فائقہ ریاض خواتین کی  100 میٹر کی دوڑ  کے پہلے راؤنڈ میں حصہ لیں گی۔