دہشت گردی کیخلاف تمام جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا، محمد علی

پ ر  پير 21 جنوری 2013
دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے نتیجے میںسیاسی و سماجی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ایک مشکل ترین امر بن چکا ہے۔ فوٹو: فائل

دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے نتیجے میںسیاسی و سماجی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ایک مشکل ترین امر بن چکا ہے۔ فوٹو: فائل

ٹنڈو الہ یار: متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈوالہ یار زون کے زونل انچارج سید محمد علی شاہ و اراکین زونل کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر دہشت گردی کے خاتمے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر یکجا ہونا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی منظر امام اور دیگر ساتھیوں کے سفاکانہ قتل کے ذریعے پوری قوم کو اپنے بھیانک عزائم سے آگاہ کر دیا ہے۔ موجود ہ حالات میں اس تلخ حقیقت کا اعتراف پوری قوم کو کرنا ہو گا کہ ملک کا کوئی بھی حصہ دہشت گردوں کی دسترس سے دور نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے نتیجے میں سیاسی و سماجی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ایک مشکل ترین امر بن چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین  طویل عرصے سے ملک کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل کا اعلان کر چکے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ان کی کی تجاویز سے استفادہ حاصل کئے جانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سید محمد علی شاہ و اراکین زونل کمیٹی نے وفاقی و صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ حق پرست رکن صوبائی اسمبلی سید منظر امام اور انکے ساتھیوں کی ہلاکت میں ملوث سفاک دہشت گردوں کی فوری گرفتاری عمل میں لاکر انہیں قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزاد دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔