برآمدات جلد 50 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی، عابد جاوید اکبر

بزنس رپورٹر  بدھ 23 جنوری 2013
2014 میں یورپی یونین میں جی ایس پی پلس کے حصول کے لیے کام جاری ہے، عابد جاوید اکبر    فوٹو فائل

2014 میں یورپی یونین میں جی ایس پی پلس کے حصول کے لیے کام جاری ہے، عابد جاوید اکبر فوٹو فائل

کراچی:  کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر محمد ہارون اگر نے معیشت کے استحکام کے لیے برآمدات میں اضافے اور نئی صنعتوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سارک اور آسیان ممالک سمیت وسط ایشیائی ریاستوں، چین، ایران، بھارت، مشرق سطیٰ اور افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو عابد جاوید اکبر کے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر کہی۔ عابد جاوید اکبر نے کہا کہ ملکی برآمدات کے فروغ کے لیے ٹی ڈی اے پی مثبت کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور توقع ہے کہ مستقبل قریب میں ملکی برآمدات 50 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایٹ سمٹ میں ڈی ایٹ ممالک کی فروغ تجارت کی تنظیموں نے ہر ملک کے10 بہترین برآمدی آئٹمزکی نشاندہی کی ہے، ان ممالک کے ساتھ نئی تجارتی راہیں ہموار کی جائیں گی۔

ڈی ایٹ ممالک کے ساتھ تجارت کے حوالے سے کراچی چیمبرآف کامرس کو فوکل چیمبر بنایا جاسکتا ہے، 2014 میں یورپی یونین میں جی ایس پی پلس کے حصول کے لیے کام جاری ہے، امریکا کے ساتھ جی ایس پی پلس کے لیے کراچی چیمبر تجاویز ارسال کرے۔ انہوں نے کے سی سی آئی کو پیشکش کی کہ وہ 78 مصنوعات سے متعلق یورپی تجارتی رعایت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کرے، بھارت میں’’ لائف اسٹائل پاکستان‘‘ نمائش کے انعقاد کے حوالے سے کراچی چیمبر سے مشاورت کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔