کراچی میں شہریوں کے تشدد سے 2 ڈکیت ہلاک، ایک شدید زخمی

اسٹاف رپورٹر  پير 6 مئ 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم سے تنگ شہریوں کے تشدد سے 2 ڈاکو ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

اورنگی ٹاؤن شاہ فیصل چوک کے قریب 2 ڈکیت فرنیچر کی دکان میں لوٹ مار کرکے فرار ہو رہے تھے کہ دکاندارنے اپنے پستول سے ڈکیتوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ڈکیت شدید زخمی ہو گئے۔

اس دوران اطراف میں موجود شہریوں نے انہیں گھیر لیا اور ڈکیتوں کو تشدد کانشانہ بنایا شروع کردیا، ایک ڈکیت موقع پرہی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے ڈکیت کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔

ہلاک اورزخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کو فوری عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں شدید زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، ہلاک ڈکیت کی شناخت رحمن اور شدید زخمی ڈکیت کی شناخت سلیمان کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ اوپاکستان بازار امام بخش لاشاری نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈکیتوں کے قبضے سے 2 نائن ایم ایم سپتول، چھینے گئے موبائل فون، نقدی اورموٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

ہلاک وزخمی حالت میں گرفتارڈکیت کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا، دونوں عادی جرائم پیشہ ہیں اوران کے خلاف پیر آباد اور اتحاد ٹاؤن سمیت متعدد تھانوں میں مقدمہ بھی درج ہیں جن میں وہ 3 سے 4 مرتبہ چالان بھی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب ہفتے کوپاک کالونی تھانے کے علاقے پراناگولیمارچمن سیمنا کے قریب شہریوں کے تشدد سے شدید زخمی ہونے والا ڈکیت دوران علاج سول اسپتال میں دم توڑگیا،ڈکیت کی شناخت سیف اللہ ولد رحمت کے نام سے کی گئی۔

ہلاک ڈکیت قصبہ کالونی کٹی پہاڑی کا رہائشی تھا،ایس ایچ او پاک کالونی خالد محمود نے بتایا ک ہلاک ڈکیت اوراس کے دوساتھی شہری سے لوٹ مارکرکے فرار ہو رہے تھے کہ ایک ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ دو ڈکیت موقع پرسے فرارہوگئے۔

پکڑے گئے ڈکیتوں کومشتعل شہریوں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا، اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچی اورزخمی ڈکیت کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پیرکوزخمی ڈکیت دوران علاج دم توڑگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔