درآمدات کیلیے آئندہ مالی سال49 ارب ڈالر کا تخمینہ

علیم ملک  جمعرات 8 جون 2017
دھاتیں3.65ارب،ٹرانسپورٹ2.68ارب اورپلاسٹک امپورٹ کااندازہ1.88ارب لگایاگیا۔ فوٹو: فائل

دھاتیں3.65ارب،ٹرانسپورٹ2.68ارب اورپلاسٹک امپورٹ کااندازہ1.88ارب لگایاگیا۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملکی درآمدات کے آئندہ مالی سال تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے، پٹرولیم گروپ کی درآمدات سب سے زیادہ 11ارب 15کروڑ ڈالر رہیں گی۔

وفاقی حکومت نے مالی سال 2017-18میں درآمدات کا تخمینہ 49ارب ڈالر لگایا ہے جس میں سب سے زیادہ حصہ پٹرولیم گروپ کا ہوگا اور یہ رواں مالی سال کے مقابلے میں 78 کروڑ ڈالر زیادہ ہوں گی۔

پٹرولیم مصنوعات کی درآمد رواں مالی سال کے مقابل40 کروڑ ڈالر اضافے سے 6ارب 67کروڑ ڈالر ہوجائیں گی، پٹرولیم کروڈ کی درآمدات کا تخمینہ 3ارب ڈالر لگایا گیا ہے، اسی طرح آئندہ سال مشینری گروپ کی درآمدات 50کروڑ ڈالر اضافے سے 7 ارب 50کروڑ ڈالر رہیں گی، بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والی مشینری کے لیے 1ارب 26کروڑ ڈالر، الیکٹریکل مشینری 1ارب 30کروڑ ڈالر اور ٹیلی کام مشینری کے لیے 98کروڑ ڈالر درآمدات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے فوڈ گروپ کی درآمدات کا تخمینہ 5ارب 72کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے جس کے تحت57کروڑ 30لاکھ ڈالر کی چائے اور 1ارب 90کروڑ ڈالر کا پام آئل درآمد کیا جائے گا، چائے کی درآمد 2سال میں 20کروڑ ڈالر بڑھ جائے گی، آئندہ سال میٹل گروپ کی درآمدات 3ارب 65کروڑ ڈالر رہیں گی جس کے تحت آئرن اور اسٹیل اسکریپ کی درآمد 1ارب ڈالر سے زائد رہے گی۔

علاوہ ازیں دستاویز کے مطابق آئندہ سال کے لیے ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمدات کا تخمینہ 2ارب 68کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے جبکہ آئند مالی سال کے دوران1ارب 88کروڑ ڈالر کا پلاسٹک مٹیریل بھی درآمد کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔