چینی کمپنی کی پاکستان میں ٹرک سازی میں دلچسپی

بزنس رپورٹر  ہفتہ 19 اگست 2017
ایرانی سفارتخانے کاوفدبھی مشہودعلی سے ملا،آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ میں تعاون پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

ایرانی سفارتخانے کاوفدبھی مشہودعلی سے ملا،آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ میں تعاون پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

 کراچی: اسلامی جمہوریہ ایران کراچی کے سفارتخانے کے حکام اور چینی ٹرک ساز کمپنی سائنو ٹرک کے حکام نے گزشتہ روز پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو پارٹس اینڈ اسیسیرز مینوفیکچررز (پاپام) کے دفتر کا دورہ کیا جہاں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی سفارتخانے کے وفد کی سربراہی کمرشل و اکنامک قونصلر حامد رضا نظاراتی زادہ نے کی۔ ملاقات میں آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کے معاملات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر پاپام کے چیئرمین مشہود علی خان، سابق چیئرمین منیر کے بانا، شارق سہیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ پاپام کے چیئرمین مشہود علی خان نے ایرانی کمرشل قونصلر کو بتایا کہ جلد پاکستانی آٹو مینوفیکچررز کا ایک وفد ایران کا دورہ کرے گا۔

دریں اثنا چینی کمپنی سائنو ٹرک کے ایک وفد نے بھی وانگ ہاؤ تاؤ کی قیادت میں پاپام آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں سائنو ٹرک اور اس کے پارٹس کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چینی وفد نے پاکستان میں ٹرک سازی کے لیے پلانٹ کی تیاری میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان تکینکی تعاون کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔