یہ آنگن ٹیڑھا ہے یا کوئی بصری دھوکا؟

ویب ڈیسک  پير 16 اکتوبر 2017
ٹائلیں سیدھی لگی ہیں لیکن تاثر کچھ یوں ہے کہ فرش پر کوئی گڑھا ہے۔ فوٹو: اوڈٹی سینٹرل

ٹائلیں سیدھی لگی ہیں لیکن تاثر کچھ یوں ہے کہ فرش پر کوئی گڑھا ہے۔ فوٹو: اوڈٹی سینٹرل

 لندن: برطانیہ میں ایک کمپنی نے فرش بنانے کے لیے ٹائلوں کو اس طرح مرتب کیا ہے کہ فرش میں گڑھا اور ٹیڑھ پن دکھائی دیتا ہے۔

کیسا سرامیکا کمپنی کی بعض تصاویر ٹویٹر پر وائرل ہوئی ہیں جن میں 400 سے زائد ٹائلوں سے کچھ اسطرح فرش بنایا گیا ہے کہ دور سے آنگن ٹیڑھا دکھائی دیتا ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کو چکنے فرش پر بھاگنے دوڑنے سے بعض رکھنا ہے۔

اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ کوئی اس فرش کو دیکھ کر ٹھٹک کررکا ہو کیونکہ یہ کمپنی کے شو روم میں بنایا گیا ہے۔ تاہم ڈیزائنر کہتے ہیں کہ بظاہر خمیدہ دکھائی دینے والا فرش بالکل ٹھیک اور ہموار ہے۔ بعض اوقات ایسا لگتا ہے کہ فرش ایک جگہ سے بیٹھ گیا ہے لیکن یہ صرف نظر کا دھوکہ ہے جسے خوبصورتی سے بنایا گیا ہے۔

جب فیس بک اور ٹویٹر پر اس کی تصاویر جاری ہوئیں تو لوگوں کی اکثریت نے اس پر حیرت اور تعجب کا اظہار کیا ۔ کمپنی کے مالک ڈنکن کک کہتے ہیں کہ ایک جانب تو یہ کمپنی کی مشہوری کا ایک طریقہ ہے تو دوسری جانب حساس تجربہ گاہوں میں بھی اسے استعمال کیا جاسکتا ہے جہاں تیز چلنے سے آلات پر اثر پڑسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق وہ لوگوں کو یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ عام ٹائلوں سے فرش کو انتہائی جدت کے ساتھ بھی بنایا جاسکتا ہے۔ تاہم فرش پوری طرح محفوظ اور سیدھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔