بھارتی فوج کی آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں بلا اشتعال فائرنگ

ویب ڈیسک  منگل 13 اگست 2013
سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر، تتہ پانی اور کھوئی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر دی۔ فوٹو: فائل

سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر، تتہ پانی اور کھوئی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر دی۔ فوٹو: فائل

کوٹلی: بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں نکیال سیکٹر، تتہ پانی اور کھوئی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر سےسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں نکیال سیکٹر، تتہ پانی اور کھوئی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کا سلسلہ 9 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوا جو تا حال جاری ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ کچھ روز سے سیز فائر کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور پاکستان کے مسلسل احتجاج کرنے کے باوجود بھارتی فوج نے سرحد پر جارحانہ روش اختیار کر رکھی ہے، گزشتہ روز بھی اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے چری کوٹ، ستوال، نکیال اور بٹل سیکٹروں میں شدید گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہو گیا، پیر کی شام کو بھارتی فوج نے نارووال سیکٹر میں فائرنگ کی اور نکیال سیکٹر میں فائرنگ کر کے نانگا ٹوپہ اور پانامہ چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ کنٹرول لائن کی صورتحال کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں اور بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے تاہم ہمیشہ کی طرح خلاف ورزی کا الزام پاکستان پر لگا دیا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔