کیک کی تیاری ہوئی آسان

منیرہ عادل  پير 16 ستمبر 2013
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

خوشی اور میٹھے کا ساتھ ہمیشہ سے رہا ہے۔ البتہ بدلتے زمانے کے ساتھ اس کی شکلیں ضرور تبدیل ہوتی رہی ہیں، جیسے آج کل خوشی کے موقع پر دیگر میٹھے پکوانوں کے ساتھ کیک کے استعمال کو بھی خاصی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔

کسی خوشیوں بھرے موقع پر مبارک باد دینی ہو، کیک کے بغیر ادھورا ادھورا سا لگتا ہے۔ خوشیوں کی مٹھاس کو اپنے اندر سموئے پر خلوص جذبوں کا اظہار کرتا یہ میٹھا تحفہ رشتوں میں مٹھاس وخلوص کا سبب بنتا ہے اور اگر اپنے ہاتھوں سے بنا کر یہ تحفہ پیش کیا جائے تو دلوں میں قدر ومنزلت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔

خوشیوں کے مواقع پر اگرآپ بھی کیک بنانا چاہتی ہیں، تو پہلے چند چھوٹی چھوٹی باتوں کو مد نظر رکھ کر بہترین کیک بیک کر سکتی ہیں۔

(1) کیک کے لیے ہمیشہ عمدہ اور معیاری میدہ استعمال کریں۔ اچھے میدے کی جانچ کے لیے طریقہ کار یہ ہے کہ میدہ کو مٹھی میں ایک منٹ تک دبائیں، پھر مٹھی کھول دیں۔ اگر میدہ مٹھی کی شکل اختیار کر گیا ہو تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ میدہ کیک کے لیے بہتر نہیں، بلکہ ایسا میدہ پراٹھے کے لیے ہوتا ہے۔

میدہ یا آٹا اگر فریج میں رکھا ہو تو کیک بنانے سے ایک گھنٹے قبل نکال کر باہر رکھ دیں۔ کیک بنانے کے لیے آپ میدے کی جگہ روٹی بنانے کا آٹا بھی استعمال کر سکتی ہیں، آٹے کا کیک بھی بہت لذیذ ہوتا ہے۔

(2) کیک میں بغیر نمک کا ڈیری مکھن بہترین رہتا ہے، اس کے علاوہ آپ مکھن کی جگہ مارجرین بھی استعمال کر سکتے ہیں یا گھی یا تیل بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، گھی استعمال کرنے کے لیے گھی کو گرم کر کے پگھلاکر ٹھنڈا کر لیں، کیک کے لیے مطلوبہ مقدار کو ناپ کر فریزر میں جما دیں، پھر کیک بنانے سے چند منٹ قبل نکال کر استعمال کریں، تیل استعمال کرنا ہو تو کیک کی ترکیب میں مکھن کی جو مقدار درج ہو، اس سے کچھ کم مقدار میں تیل ڈالیں کیوں کہ تیل جمتا نہیں اس طرح زیادہ مقدار ہونے کی وجہ سے کیک صحیح نہیں بنتا، گھی یا تیل استعمال کرتے وقت عام کھانے پکانے کا گھی یا تیل استعمال کر سکتے ہیں۔

(3) کیک کا آمیزہ بناتے وقت چینی ہمیشہ پیس کر  استعمال کریں، بہ صورت دیگر آپ کو چینی حل کرنے کے لیے کیک کا آمیزہ کافی دیر تک پھینٹنا پڑے گا۔

(4) انڈے فریج میں رکھے ہوں تو کیک کے آمیزہ بنانے سے ایک گھنٹا قبل  باہر رکھ دیں۔ انڈوں کو ہمیشہ خوب اچھی طرح پھینٹیں۔ اس طرح کیک بہترین نرم اور پھولا ہوا بنتا ہے۔

(5)کیک بنانے کے لیے میدہ اچھی طرح تین دفعہ چھانیں۔ کیک کے آمیزے میں بیکنگ پائوڈر یا بیکنگ سوڈا شامل کرنا ہے تو وہ بھی ساتھ ملاکر چھان لیں، چھانتے وقت دھیان رکھیں کہ چھلنی میں میدہ ڈال کر برتن سے تھوڑا اوپر چھلنی رکھ کر چھانیں، اس طرح میدہ چھاننے کے دوران جتنی ہوا لگے گی، کیک اتنا ہی پھولے گا، اگر آپ برائونیز یا چاکلیٹ کیک بنا رہی ہیں تو کوکو پائوڈر بھی میدے کے ساتھ چھان لیجیے اگر آٹے کا کیک بنارہی ہیں تو آٹے میں بھی بیکنگ پائونڈر شامل کر کے چھان لیں۔

(6) بہترین کیک خوش ذائقہ اور نرم ہوتا ہے۔ اس کے لیے آپ کیک کے آمیزے میں دودھ شامل کریں اور دودھ اگر فریج میں ہو تو ایک گھنٹے قبل نکال کر باہر رکھ دیں، تاکہ ٹھنڈک کم ہو جائے۔ اسی طرح دودھ اگر گرم ہو تو اسے بھی ٹھنڈا کرلیں۔ کچھ کیک کی تراکیب میں دودھ کی جگہ لیموں کا رس بھی استعمال کیا جاتا ہے، مگر دودھ کے استعمال سے ذایقہ بہترین ہوتا ہے۔

(7) کیک بیک کرنے کے لیے عموماً بیکنگ پین استعمال کیے جاتے ہیں، لیکن اگر بیکنگ پین نہ ہو تو گہرے تھال، پیالے یا دیگچی میں بھی کیک بنایا جا سکتا ہے۔ بیکنگ پین کی طرح اس کو بھی مکھن یا گھر یا تیل لگاکر چکنا کر لیں، پھر بٹر پیپر بچھاکر اس کو بھی چکنا کریں۔

بٹر پیپر نہ ہونے کی صورت میں خاکی کاغذ  بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بیکنگ پین کو ہمیشہ کیک کے آمیزے سے آدھا بھریں اور آدھا خالی رہنے دیں  تاکہ کیک پھول سکے۔

(8) اوون ہمیشہ180 ڈگری پر کیک کا آمیزہ رکھنے سے پندرہ بیس منٹ قبل آن کردیں۔ بہ صورت دیگر دیر سے اوون  آن کرنے کی صورت میں کیک صحیح بیک نہیں ہوتا، کیک کے پین کو ہمیشہ بیک کرنے کے لیے درمیانی گرل پر رکھیں، اوون نہ ہونے کی صورت میں آپ دیگچی میں بھی کیک بیک کر سکتی ہیں۔ اس کے لیے ایک بڑے دیگچی میں پتھر رکھ کر اس کو چولہے پر گرم رکھ دیں، کچھ منٹ بعد احتیاط سے بیکنگ پین اس پر رکھ کر اوپر سے ڈھکن ڈھک کر وزن رکھ دیں، یاآپ کھانے کی میز پرگرم دیگچی یا برتن رکھنے کے لیے میٹل وائر کا جو اسٹینڈ استعمال کرتے ہیں، وہ پتھر کی جگہ رکھ کر اسی طرح کیک بیک کر سکتی ہیں۔

میدے کا کیک:

میدہ……ایک پیالی

مکھن……سو گرام

چینی پسی ہوئی……آدھی پیالی

انڈے……دو عدد

بیکنگ پائوڈر……ایک چائے کا چمچ

دودھ……دو کھانے کے چمچ

ونیلا ایسنس……ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

اوون کو180 ڈگری پر پری ہیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔ میدہ اور بیکنگ پائوڈر کو تین مرتبہ چھان لیں۔ الگ پیالے میں انڈے اچھی طرح پھینٹ لیں، پھر ایک برتن میں مکھن چینی کو خوب پھینٹیں جب یہ کریم کی طرح ہو جائے، تو انڈے شامل کر کے دوبارہ پھینٹیں، پھر میدہ تھوڑا تھوڑا میدہ شامل کرتی جائیں اور لکڑی کے چمچ سے ایک ہی سمت میں چمچ گھماتی جائیں، ساتھ ہی فولڈ بھی کرتی جائیں، پھر دودھ اور وینیلا ایسنس شامل کر کے اچھی طرح ملا کے گریس بیکنگ پین میں ڈال کر اوون میں  40 سے 50 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ کیک کی تیاری میں کسر دیکھنے کے لیے ٹوتھ پک کی مدد لیں۔ اگر ٹوتھ پک صاف باہر آئے تو کیک تیار ہے۔ اوون سے نکال کر کچھ دیر ٹھنڈا کر کے پھر سرونگ ڈش میں نکال لیں۔

(اس کیک کی ترکیب میں آٹے کی جگہ میدے کا استعمال کیا جاسکتا ہے)

برائونیز:

اجزا:

مکھن……سو گرام

چینی پسی ہوئی……آدھی پیالی

انڈے……دوعدد

میدہ……ایک پیالی

بیکنگ پائوڈر……ایک چائے کا چمچ

کوکو پائوڈر……ایک کھانے کا چمچ

دودھ……دو سے تین کھانے کے چمچ

ونیلا ایسنس……ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

اوون کو 180 ڈگری پر پری ہیٹ کرنے رکھ دیں، میدہ، بیکنگ پائوڈر اور کوکو پائوڈر کو تین دفعہ چھان کر رکھ دیں۔ انڈے علیحدہ پھینٹ لیں۔ ایک پیالے میں مکھن اور چینی کو خوب پھینٹیں کہ کریم کی شکل اختیار کر جائے، پھر پھینٹے ہوئے انڈے شامل کر کے اچھی طرح پھینٹیں، میدہ تھوڑا تھوڑا کر کے اس آمیزے میں شامل کر کے لکڑی کے چمچ سے ایک ہی سمت میں فولڈ کرتی جائیں، دودھ اور ونیلا ایسنس شامل کرکے اچھی طرح ملا کے گریس بیکنگ پین میں ڈال کر بیک کرنے کے لیے رکھ دیں۔ 40 سے 50 منٹ میں تیار ہوگا۔ اس کو کریم اور آئس کریم کے ساتھ بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔