وزیر پیداوار کا سرسبز یوریا کی قیمت میں اضافے کا سخت نوٹس

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اپريل 2024
فرٹیلائزر کمپنی نے یکطرفہ قیمت میں 561 روپے فی بوری کا اضافہ کر دیا

فرٹیلائزر کمپنی نے یکطرفہ قیمت میں 561 روپے فی بوری کا اضافہ کر دیا

 اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے کھاد کمپنی کی جانب سے سرسبز یوریا کی قیمت میں یکطرفہ اضافے کا سخت نوٹس لے لیا.

رانا تنویر نے کہا ہے کہ فرٹیلائزر کمپنی سرسبز یوریا کی قیمت میں یکطرفہ اضافہ واپس لے اور اچانک اضافے کا ٹھوس جواز فراہم کرے۔

ترجمان وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق فرٹیلائزر کمپنی نے یکطرفہ قیمت میں 561 روپے فی بوری کا اضافہ کر دیا ہے۔

رانا تنویر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں فرٹیلائزر انڈسٹری کے لیے گیس کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا، اس کے باوجود سرسبز یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول اور بلا جواز ہے، ٹھوس جواز فراہم کرنے میں ناکامی پر وزارت متعلقہ قوانین کے تحت قیمتوں کا تعین کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اچانک یکطرفہ اضافے سے کسانوں پر منفی اثر پڑتا ہے، یوریا کھاد پر ناجائز منافع کی اجازت نہیں دی جائے گی، کھاد کی فراہمی میں خلل قابل قبول نہیں ہے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔