چوتھے ون ڈے میں شاہینوں نے لنکا ڈھادی، سیریز بھی اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک  بدھ 25 دسمبر 2013
محمد حفیظ نے ایک بار پھر ناقابل شکست 113 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔  فوٹو: اے ایف پی

محمد حفیظ نے ایک بار پھر ناقابل شکست 113 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ابوظہبی: چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست نہ ثابت ہوا اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔  میزبان ٹیم کے صرف 4 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوئے، اشان پریانجان 74 رنز اور کمار سنگاکارا 51 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اینجلو میتھیوز 38 رنز اور کیتھوروان وتھان ایج 27 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 39 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ عمر گل نے 37 رنز دے کر 3 اور جنید خان نے 42 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے 226 رنز کا مطلوبہ ہدف 42ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا، محمد حفیظ نے ایک بار پھر ناقابل شکست 113 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، یہ ان کی سیریز میں تیسری سنچری تھی، اس سنچری کے ساتھ وہ ایک سال میں سب سے زیادہ سنچری بنانے کا بھارت کے شیکھر دھون کا ریکارڈ برابر کرنے میں بھی کامیاب رہے، حفیظ کے علاوہ صہیب مقصود نے بھی بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر احمد شہزاد 44 اور شرجیل خان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے سرانگا لکمل اور اینجلو میتھیوز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین کارکردگی پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔